تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد دوم۔ 1940 تا 1947)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 718 of 872

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد دوم۔ 1940 تا 1947) — Page 718

خطبہ جمعہ فرموده 12 اپریل 1946ء تحریک جدید - ایک الہبی تحریک۔۔۔۔جلد دوم وقف کئے ہیں۔اگر ہم شمار کریں تو غربا تو درجنوں کی مقدار میں ایسے نکل آئیں گے، جنہوں نے اپنے بچوں کو خدمت دین کے لئے اس رنگ میں وقف کیا لیکن اگر امراء کو گننے لگیں تو وہ دو، چار سے زیادہ نہیں نکل سکیں گے۔یہ ایک ایسا نمونہ ہے، جسے دشمن کے سامنے پیش کر کے ہم اس پر اپنی فوقیت یا اپنی قربانیوں کی عظمت ثابت نہیں کر سکتے۔غربا کا نمونہ اگر ہم پیش بھی کریں تو وہ کہہ دے گا کہ یہ بھوکے مرتے تھے، ان کے پاس اپنی تعلیم کا اور کوئی ذریعہ نہیں تھا، جماعت نے وظائف مقرر کر دیئے اور وہ پڑھتے چلے گئے۔اس میں انہوں نے قربانی کون سی کی ہے؟ اس وقت ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ تم غلط کہتے ہو۔انہوں نے جو کچھ کیا ہے، اخلاص اور ایمان کے ماتحت کیا ہے۔کیونکہ اخلاص اور ایمان ایک ایسی چیز ہے، جو ہم کسی کو دکھا نہیں سکتے۔اگر وہ سارے کے سارے اخلاص سے کام لینے والے ہوں ، سارے کے سارے ایمان کا اعلیٰ مقام رکھنے والے ہوں، تب بھی دشمن کے مقابلہ میں کیا ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ بے شک ہم نے ان کے لئے اپنا روپیہ خرچ کیا ہے۔لیکن اگر ہم روپیہ خرچ نہ کرتے تب بھی ان لوگوں میں ایسا اخلاص تھا کہ وہ ضرور قربانی کرتے اور اپنے بچوں کو بہر حال اس مدرسہ میں داخل کرتے ؟ یہ ایک دل کی بات ہوگی ، جسے ہم ثابت نہیں کر سکیں گے اور ہمیں اپنے دشمن کے مقابلہ میں ضرور خاموش ہونا پڑے گا۔اور یا پھر یہ ماننا پڑے گا کہ احمدیت نے غریبوں میں تو اخلاص پیدا کیا ہے لیکن امیروں میں پیدا نہیں کیا۔وہ کہے گا تم میں کھاتے پیتے لوگ بھی تھے، اگر احمدیت نے لوگوں کے دلوں میں واقعہ میں اخلاص پیدا کیا تھا تو وجہ کیا ہے کہ جو لوگ کھاتے پیتے ہیں، انہوں نے اپنی اولادیں دین کی خدمت کے لئے وقف نہیں کیں ؟ میں جانتا ہوں کہ ہم اس کا جواب دے سکتے ہیں۔مگر میں یہ بھی جانتا ہوں کہ ہم اس کا جواب دے کر دشمن کو ساکت نہیں کر سکتے ، ہم سرخرو ہو کر اس کے سامنے سے نہیں اٹھ سکتے ہمیں ضرور شرمندگی اٹھانی پڑے گی، ہمارے جسم پر ضرور پسینہ آجائے گا، ہماری زبان ضرور لڑ کھڑانے لگ جائے گی اور ہمارا دل ضرور دھڑ کنے لگ جائے گا۔کیونکہ یہ وہ بات ہے، جس کے متعلق ہم نہیں کہہ سکتے کہ ہم اس کا سوفی صدی درست جواب دے سکتے ہیں۔آخر جماعت اس کے معنی تو نہیں کہ اس کے غریب اچھے ہوں یا جماعت اس کے معنی تو نہیں کہ اس کے امیر ا چھے ہوں یا جماعت اس کے معنی تو نہیں کہ اس کے مرداچھے ہوں یا جماعت اس کے معنی تو نہیں کہ اس کی عورتیں اچھی ہوں یا جماعت اس کے معنی تو نہیں کہ اس کے بچے اچھے ہوں یا جماعت اس کے معنی تو نہیں کہ اس کے متوسط الحال لوگ اچھے ہوں یا جماعت اس کے معنی تو نہیں کہ اس کے علماء اچھے ہوں یا جماعت اس کے معنی تو نہیں کہ اس کے جہلاء اچھے ہوں۔بلکہ جماعت اس کے معنی ہیں کہ اس کا ہر گروہ 718