تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد دوم۔ 1940 تا 1947) — Page 613
تحریک جدید- ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد دوم خطبہ جمعہ فرمودہ 05اکتوبر 1945ء ہے تو گویا ہم اپنی تبلیغ کو سوگنا بڑھا دیں گے۔بعض جگہیں ایسی ہیں، جہاں پہلے ہی جماعتیں ہیں اور وہاں کی کی سعید روحیں پہلے ہی ایمان لا چکی ہیں۔ایسی جگہوں میں تبلیغ کا اثر آہستہ آہستہ ہوتا ہے مگر بہت سی جگہیں ایسی ہیں، جہاں پر کوئی احمدی نہیں ہے۔ایسی جگہوں کی سعید روحیں جب اس پیغام کو سنیں گی تو فوراً ایمان لے آئیں گی۔پس ان جگہوں میں ان جوانوں کا کام کرنا دہرے طرز پر فائدہ مند ہوگا اور جماعت ہزار مقامات پر تیزی کے ساتھ بڑھنا شروع ہو جائے گی۔کیونکہ ممکن ہے شروع شروع میں ہی کئی جگہوں پر چھیں چھپیں، پچاس پچاس، سو سو آدمی احمدی ہو جائیں اور اس طرح تھوڑے ہی عرصے میں پانچ ، چھ لاکھ احمدی ہندوستان میں نئے پیدا ہو جائیں۔بعض جگہوں پر جہاں ہمارے مبلغ نئے نئے جاتے ہیں۔ایک سال میں پانچ ، پانچ سو آدمی احمد ی ہو جاتے ہیں مگر بعد میں ایک ایک، دو دو آدمی احمدی ہوتے ہیں۔اس کی وجہ یہ ہے کہ اس وقت تک سعید طبیعتیں ایمان لا چکی ہوتی ہیں۔تو نئی جگہوں پر کام کرنا بعض لحاظ سے زیادہ با برکت ہوتا ہے۔پس اب وقت ہے کہ ہمارے نوجوان اپنے آپ کو تجارت کے لئے وقف کریں اور یہ وقف، وقف نمبر دو کہلائے گا۔اس طرح نہیں کہ ہم اپنے آپ کو وقف کرتے ہیں، ہم کو پڑھا کر مبلغ بنا کر بھیجو۔بلکہ اس طرح کہ ہم اپنے آپ کو وقف کرتے ہیں، ہم کو جہاں چاہیں بھیج دیں اور جو تجارتی یا صنعتی کام چاہیں، ہمارے لئے تجویز کریں، ہم وہ کریں گے اور اس کو بڑھانے کی کوشش کریں گے اور ساتھ ساتھ تبلیغ احمدیت کی بھی کوشش کریں گے۔اس طرح خدا تعالیٰ کے فضل سے احمدیت کی ترقی کے لئے ایک نیا باب کھل جائے گا اور لاکھوں لاکھ آدمی احمدیت میں شامل ہوں گے۔میں دعا کرتا ہوں کہ خدا تعالیٰ ہماری جماعت کے دلوں کو کھول دے تاہر ایک نو جوان تبلیغ اسلام کے لئے نکل جائے اور دنیا میں ایسی نادر مثال قربانی اور ایثار کی پیدا کر دے کہ دشمن بھی دیکھ کر اس بات کا اقرار کئے بغیر نہ رہ سکے کہ واقعی یہ جماعت قربانی کرنے والی ہے۔(مطبوعہ الفضل 11 اکتوبر 1945ء) 613