تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد دوم۔ 1940 تا 1947)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 469 of 872

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد دوم۔ 1940 تا 1947) — Page 469

تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد دوم خطبہ جمعہ فرمودہ 24 نومبر 1944ء تیار ہونے میں ابھی تین چار سال اور لگیں گے اور اس کے بعد اسی چھوٹی سکیم پر کام شروع کیا جاسکے گا، جس کا اوپر ذکر ہوا ہے۔پس جب تک پورے مبلغ تیار ہوں، اس وقت تک دو لاکھ روپیہ سالانہ خرچ ہو گا۔اس وقت تک ہم نے جو ریز روفنڈ قائم کیا ہے، اس کی آمد اگر ایک لاکھ روپیہ سالانہ تک بڑھ جائے تو پانچ سال میں کہیں جا کر وہ سابق قرض کو اتار سکے گی۔پس اس کی آمد پر ہم ابھی کسی کام کا بوجھ نہیں رکھ سکتے۔اس لئے میں تحریک کرتا ہوں کہ دوست آگے آئیں اور جس طرح تحریک جدید کے دس سالہ دور میں وہ ہر سال اپنے چندوں کو بڑھاتے گئے ہیں، اسی طرح آئندہ 9 سالوں میں ہر پہلے سال کے چندہ کے برابر چندہ دیتے جائیں یعنی گیارہویں سال میں اپنے نویں سال کے چندہ کے برابر دیں، بارہویں سال میں آٹھویں سال کے برابر ، تیرھویں سال میں ساتویں سال کے برابر ، چودھویں میں چھٹے سال کے برابر، پندرہویں میں پانچویں سال کے برابر، سولہویں میں چوتھے سال کے برابر، سترہویں میں تیسرے سال کے برابر، اٹھارہویں میں دوسرے سال کے برابر اور انیسویں سال میں پہلے سال کے برابر چندہ دیں۔(اس کے بعد موقعہ کے لحاظ سے پھر حالات پر غور کر کے فیصلہ کیا جائے گا)۔اس طرح ان کے چندہ کی رقم ہر سال بڑھنے کی بجائے کم ہوتی جائے گی۔ہو سکتا ہے کہ اس نئے دور میں بعض لوگ حصہ نہ لے سکیں۔بعض پنشنوں پر آگئے ہوں، کچھ دوست وفات پاگئے ہوں گے۔اس لیے ہو سکتا ہے کہ پہلے دور کی نسبت اب چندہ کم ہو مگر ایسے بھی ہو سکتے ہیں، جن کو اللہ تعالیٰ نے مالی وسعت دی ہو اور جو بڑھ کر حصہ لیں، وہ دسویں سال کے برابر ہی دیں یا اس سے بھی بڑھا دیں۔بہر حال ہر دوست، جس سال کا چندہ دے، کم سے کم اس کے مقابل کے سال کے چندہ کی رقم کے برابر دے۔اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ ریز روفنڈ پر کوئی بار نہ پڑے گا اور وہ زیادہ مضبوط ہوتا جائے گا۔دوسری تحریک میں یہ کرتا ہوں کہ پانچ ہزار دوستوں کی ایک نئی جماعت آگے آئے ، جو اس تحریک میں حصہ لے۔جس طرح پہلے دور کے حصہ لینے والوں کے چندہ کی رقم ہر سال کم ہوتی جائے گی، ان کے چندہ کی رقم ہر سال بڑھتی جائے گی۔مگر ان نئے شامل ہونے والوں کے لیے ضروری شرط یہ ہے کہ وہ ہر سال کم از کم ایک ماہ کی آمد کے برابر چندہ دیں اور پھر ہر سال اس میں اضافہ کرتے جائیں۔اضافہ خواہ ایک آنہ بلکہ ایک پیسہ کا ہی ہو مگر وہ اضافہ کرتے ضرور جائیں۔پس آج میں یہ دو تحریکیں کرتا ہوں، دوست ان میں حصہ لیں اور جب تک ہما را ریز روفنڈ مضبوط نہ ہو جائے ، اس طرح اس بوجھ کو اٹھا ئیں۔امید ہے کہ سال ڈیڑھ سال میں اب جنگ ختم 469