تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد دوم۔ 1940 تا 1947) — Page 139
تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد دوم اقتباس از تقریر فرموده 27 دسمبر 1941ء چنداہم امور کے متعلق ارشادات تقریر فرموده 27 دسمبر 1941ء بر موقع جلسہ سالانہ تحریک جدید کا چندہ اس تیاری کے لئے (یعنی جنگ کے ختم ہونے پر وسیع پیمانہ پر تبلیغ کرنے کے لئے ) پہلی ضروری بات یہ ہے کہ دوست تحریک جدید میں چندہ دینے میں ہمت سے کام لیں۔گذشتہ سال کی وصولی گذشتہ تین چار سال کی وصولی سے اچھی رہی ہے اور اس سال کے وعدے بھی زیادہ ہیں۔(افسوس کہ اس کے بعد وعدوں میں نمایاں کمی آگئی اور اس وقت وعدے گذشتہ سال سے بہت کم ہیں۔اللہ تعالیٰ دوستوں کو توفیق دے کہ بقیہ دنوں میں اس کی تلافی کر سکیں)۔گو یہ زیادتی کوئی نمایاں نہیں لیکن اگر دوست کوشش کر کے اس زیادتی کو وصولی میں بھی قائم رکھیں تو امید ہے کہ آمد میں پچھلے سال کی نسبت دس پندرہ فیصدی کی زیادتی ہوگی اور اس طرح اگر وصولی بھی اچھی ہو جائے تو تحریک جدید کا یہ آٹھواں سال بنیاد کے مضبوط کرنے کا موجب ہو سکے گا۔جیسا کہ میں نے پہلے بھی کئی بار بتایا ہے میں اس روپیہ سے مستقل جائیداد پیدا کر رہا ہوں۔نہری زمین آٹھ ہزار ایکڑ خریدی جا رہی ہے تا اس سے چالیس پچاس ہزار روپیہ سالانہ کی آمد ہو سکے اور س سلسلہ کے مستقل اخراجات کے لئے ہمیں جماعت سے چندہ مانگنا نہ پڑے۔دراصل کاموں میں جو روک پیدا ہوتی ہے، وہ مستقل اخراجات کی وجہ سے ہی پیدا ہوتی ہے۔اور میں چاہتا ہوں کہ اتنی آمد پیدا کرنے والی جائیداد خریدی جاسکے، جس سے عملہ دفاتر وغیرہ کا خرچ چل سکے اور ایسے مستقل اخراجات کے لئے جماعت سے چندہ نہ لینا پڑے اور جو وقتی چندے لئے جائیں، وہ تبلیغ پر خرچ ہوں اور یہ بڑا اہم کام ہے۔میں چاہتا ہوں کہ دس بارہ ہزا را یکٹر زمین حاصل کی جاسکے اور جب تک جماعت عمدگی کے ساتھ اور پوری توجہ سے تحریک جدید کے چندوں کی ادائیگی میں کوشش نہ کرے، یہ پورا نہیں ہوسکتا۔جو زمین خریدی جاچکی ہے، اس میں سے بعض رقبے تو تین چار سال کے بعد ہی آزاد ہو جائیں گے یعنی ان کی قیمت ادا ہو جائے گی اور بعض کی اقساط اگر ہم چندہ سے زمین کو پہلے ہی آزاد نہ کروالیں تو چودہ پندرہ سال تک ادا ہوتی رہیں گی۔139