تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد اول۔ 1934 تا 1939) — Page 679
تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد اول اقتباس از خطبہ جمعہ فرمودہ 20 جنوری 1939ء کیا تکلیف ہے اور اس نے کن مخالف حالات میں قربانی کی ہے؟ اللہ تعالیٰ کو ضرور رحم آجاتا ہے کیونکہ وہ عالم الغیب ہے اور وہ جب کوئی ابتلا اپنے بندوں پر وارد کرتا ہے تو ساتھ ساتھ عالم الغیب ہونے کی وجہ سے ان کے حالات بھی دیکھتا جاتا ہے اور جب اسے رحم آتا ہے تو وہ اگلی پچھلی تمام کسریں نکال دیتا ہے۔جیسے قرآن کریم میں آتا ہے کہ حضرت یوسف کے زمانے میں ایک بادشاہ کو یہ خواب دکھایا گیا کہ سات سال قحط پڑے گا مگر جب سات سال گزر جائیں گے تو اللہ تعالیٰ کو رحم آئے گا اور وہ پچھلے سارے نقصانات پورے کردے گا تو اگر صرف بندوں کے امتحان ہوتے تو وہ تم کو بدلہ نہیں دے سکتے تھے۔مثلاً جماعت چندوں کے مقابلہ میں تمہیں کیا دے سکتی ہے یا میں تحریک جدید کے بدلہ میں تمہیں کیا دے سکتا ہوں یا خلافت جوبلی فنڈ میں حصہ لینے کی وجہ سے وہ لوگ تمہیں کیا بدلہ دے سکتے ہیں جنہوں نے یہ تحریک کی ؟ انسانوں میں سے کوئی ان چیزوں کا بدلہ نہیں دے سکتا۔پس جب کوئی انسان اس کا بدلہ نہیں دے سکتا تو اللہ تعالیٰ نے خود اپنا حصہ اس میں ڈال دیا اور خدا تعالیٰ جب لیا کرتا ہے تو وہ دیا بھی کرتا ہے۔خدا تعالیٰ نے کہا جماعت پر اس وقت تین ابتلا ہیں۔آؤ میں بھی ان ابتلاؤں میں اپنی طرف سے ایک اور ابتلا کا اضافہ کر کے شامل ہو جاؤں تا کہ ان کی قربانیاں بے بدلہ کے نہ رہیں اور میری طرف سے انہیں اتنا کثیر بدلہ مل جائے جو باقی کی تین قربانیوں کے بدلہ پر بھی حاوی ہو جائیں۔۔۔۔۔( مطبوعه الفضل 8 فروری 1939 ء ) 679