تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد اول۔ 1934 تا 1939) — Page 483
تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد اول اقتباس از خطبہ جمعہ فرمودہ 3 دسمبر 1937ء حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا نام جہاں جہاں ممکن ہو جلدی پہنچایا جائے 22 خطبہ جمعہ فرمودہ 3 دسمبر 1937ء اس کے بعد میں دوستوں کو اختصار کے ساتھ اس امر کی طرف توجہ دلاتا ہوں کہ تحریک جدید کے مالی حصہ کے نئے دور کا اعلان میں گزشتہ جمعہ میں کر چکا ہوں اور جیسا کہ میں نے بتایا ہے میری سکیم یہ ہے کہ اس کی مالی تحریک کو سات سال کے عرصہ میں ختم کر دیا جائے اور اسے درجہ بدرجہ اس طرح کم کرتے جائیں کہ آخری تین سالوں میں یہ چندہ پچاس فیصدی رہ جائے گا اور پھر سات سال کے بعد بالکل چھوڑ دیا جائے گا کیونکہ کوشش ہو رہی ہے کہ ایک ایسا مستقل سرمایہ مہیا ہو جائے کہ تحریک جدید کے کاموں کیلئے کسی علیحدہ چندے کی ضرورت ہی نہ رہے۔سوائے اس کے کہ کبھی کوئی خاص ضرورت پیدا ہو جائے لیکن عام ضروریات کیلئے مستقل سرمایہ ہو۔اس وقت تحریک جدید کے ماتحت ہم گیارہ بارہ مشن قائم کر چکے ہیں اور ان کا کام اس قدر کفایت سے چلایا جاتا ہے کہ ان پر اس رقم سے بھی کم خرچ ہوتا ہے جو ہمارے پرانے دو تین مشوں پر خرچ ہوتی ہے۔ان مشنوں میں سے تین تو یورپ میں ہیں، جس کے ممالک کی گرانی مشہور ہے اور ایک امریکہ میں جہاں یورپ سے بھی زیادہ گرانی ہے مگر ان سب پر روپیہ اس سے بھی کم خرچ ہو رہا ہے جو پرانے دومشنوں پر ہوتا ہے اور یہ ان نو جوانوں کے تعاون کی وجہ سے ہے جو باہر گئے ہوئے ہیں اور جنہوں نے یہ وعدہ کیا ہے کہ خود تکالیف اٹھا کر بھی دین کا کام کریں گے۔اسلئے ان چار مشنوں پر ہمارا اتنا بھی خرچ نہیں ہوتا جتنا صرف انگلستان کے مشن پر ہورہا ہے۔انگلستان کے مشن پر قریباً سات آٹھ سوروپیہ ماہوار خرچ ہوتا ہے اور یہ بھی اب کم ہوا ہے۔پہلے گیارہ بارہ سو ہوتا تھا مگر ان چار مشنوں پر قریباً 275 روپے ماہوار خرچ ہورہا ہے اس میں شک نہیں کہ یہ خرچ لٹریچر کے علاوہ ہے یعنی رسالے اور کتب وغیرہ ان مشنوں کو علیحدہ مہیا کی جاتی ہیں مگر یہ خرچ انگلستان کے مشن پر بھی الگ ہوتا ہے اور یہ خرچ ایسا ہے کہ ہم جتنا چاہیں کر سکتے ہیں۔جتنا لٹریچر چھپوا ئیں اسی کے لحاظ سے خرچ ہو گا۔خواہ دس لاکھ کریں یا ایک سوکریں۔جہاں تک کام کرنے والوں کا تعلق ہے چار مشنوں پر صرف پونے تین سو روپے ماہوار کے قریب خرچ ہے۔ان میں سے ایک مشن یعنی امریکہ کا مشن تو ایسا ہے جہاں اللہ تعالیٰ کے فضل سے بہت کامیابی ہو رہی ہے وہاں کا مشنری خود محنت کر کے اپنا گزارہ کرتا ہے اور اسے اللہ تعالیٰ نے ایک 483