خلفاء احمدیت کی تحریکات اور ان کے شیریں ثمرات

by Other Authors

Page 343 of 613

خلفاء احمدیت کی تحریکات اور ان کے شیریں ثمرات — Page 343

343 مشکل ہے۔بعض کے لئے شائد ممکن ہی نہ ہو اس لئے اس مدت کو چھ ماہ سے بڑھا کر جیسا کہ دوستوں نے مشورہ دیا ہے میں ڈیڑھ سال تک کر دیتا ہوں۔مجھے امید ہے کہ ڈیڑھ سال میں سارے نہیں تو بڑی بھاری اکثریت اگر وہ دل سے قرآن کریم پڑھیں تو قرآن کریم ناظرہ پڑھ لیں گے اور ترجمہ سیکھنے (خطبات ناصر جلد 2 ص 690) والے ترجمہ سیکھ لیں گے۔فضل عمر درس القرآن کلاس: نظارت اصلاح وارشاد کے تحت تعلیم القرآن کلاس 1964ء میں شروع ہو چکی تھی۔حضرت خلیفہ المسیح الثالث کی ذاتی توجہ اور راہنمائی نے اس کو نئی جلا بخشی۔یہ کلاس ایک ماہ کے لئے مرکز میں منعقد ہوتی تھی۔حضور نے اسے نظارت تعلیم القرآن سے منسلک کر دیا اور 1972ء میں حضور نے فیصلہ فرمایا کہ 4 ہفتوں میں سے پہلا ہفتہ ضلع کی جماعتوں کے زیر اہتمام ہوگا اور 3 ہفتے طلباء مرکز میں گزاریں گے۔(خطبات ناصر جلد 4 ص 253 ) یہ کلاس بڑی کامیابی سے جاری ہے۔حضور کی خلافت کے آخری سال 1981ء میں طلباء وطالبات کی تعداد 2 ہزار تک پہنچ گئی تھی۔حضور کم و بیش ہر سال اس سے افتتاحی یا اختتامی خطاب فرماتے رہے نیز درمیان میں بھی طلباء کو ہدایات اور ملاقات کا شرف عطا فرماتے رہے۔اسی طرح ہفتہ قرآن مجید کا سلسلہ بھی جاری کیا گیا۔چنانچہ جماعت نے یکم تا6 مارچ1970ءکو ہفتہ قرآن مجید منایا۔تفسیر حضرت مسیح موعود کے مطالعہ کی تحریک قرآن کریم ناظرہ اور ترجمہ پڑھنے کے بعد حضور نے حضرت مسیح موعود کی تفسیر قرآنی کے مطالعہ کی طرف بار بار توجہ دلائی کیونکہ وہ علوم قرآن کا زبر دست خزانہ ہے۔حضرت مسیح موعود کی تفسیر کتابی شکل میں یکجا نہیں تھی اس لئے 1969ء میں آپ نے اپنی براہ راست نگرانی میں حضرت مسیح موعود کی تفسیر اور آپ کے ارشادات کو قرآن مجید کی ترتیب کے مطابق یکجا کروا کر شائع کرنے کا انتظام فرمایا۔چنانچہ آپ کی زندگی میں سورۃ فاتحہ سے لے کر سورۃ کہف تک یعنی 15 پاروں سے زائد کی تفسیر پانچ جلدوں میں نہایت اعلیٰ درجہ کے کاغذ پر شائع ہوئی اور اب سارے قرآن کی تفسیر شدہ آیات کتابی شکل میں شائع ہو چکی ہیں۔