تذکرہ — Page 358
(ب) ’’ خدا تعالیٰ نے کشفی حالت میں بارہا مجھے اِس بات پر اطلاع دی ہے کہ آریہ قوم میں کرشن نام ایک شخص جو گزرا ہے وہ خدا کے برگزیدوں اور اپنے وقت کے نبیوں میں سے تھا اور ہندوؤں میں اَوتار کا لفظ درحقیقت نبی کے ہم معنی ہے۔اور ہندوؤں کی کتابوں میں ایک پیشگوئی ہے اور وہ یہ کہ آخری زمانہ میں ایک اَوتار آئے گا جو کرشن کے صفات پر ہوگا اور اس کا بروز ہوگا اور میرےپر ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ مَیں ہوں۔کرشن کی ۲دو صفت میں ایک رُودّؔر یعنی درندوں اور سُوروں کو قتل کرنے والا یعنی دلائل اور نشانوں سے۔دوسرے گوپاؔل یعنی گائیوں کو پالنے والا یعنی اپنے انفاس سے نیکوں کا مددگار۔اور یہ دونوں صفتیں مسیح موعود کی صفتیں ہیں اور یہی دونوں صفتیں خدا تعالیٰ نے مجھے عطا فرمائی ہیں۔‘‘ (تحفہ گولڑویہ۔روحانی خزائن جلد ۱۷ صفحہ ۳۱۷ حاشیہ در حاشیہ) (ج) ’’وہ خدا جو زمین و آسمان کا خدا ہے اُس نے یہ میرے پر ظاہر کیا ہے اور نہ ایک دفعہ بلکہ کئی دفعہ مجھے بتلایا ہے کہ تُو ہندوؤں کے لئے کرشن اور مسلمانوں اور عیسائیوں کے لئے مسیح موعود ہے۔‘‘ (لیکچر سیالکوٹ۔روحانی خزائن جلد۲۰ صفحہ ۲۲۸) (د) ’’اب واضح ہو کہ راجہ کرشن جیسا کہ میرے پر ظاہر کیا گیا ہے درحقیقت ایک ایسا کامل انسان تھا جس کی نظیر ہندوؤں کے کسی رشی اور اوتار میں نہیں پائی جاتی اور اپنے وقت کا اوتار یعنی نبی تھا جس پر خدا کی طرف سے رُوح القدس اُترتا تھا۔وہ خدا کی طرف سے فتح مند اوربااقبال تھا جس نے آریہ ورت کی زمین کو پاپ سے صاف کیا۔وہ اپنے زمانہ کا درحقیقت نبی تھا جس کی تعلیم کو پیچھے سے بہت باتوں میں بگاڑدیاگیا۔وہ خدا کی محبّت سے پُر تھا اور نیکی سے دوستی اور شَر سے دشمنی رکھتا تھا۔خدا کا وعدہ تھا کہ آخری زمانہ میں اُس کا بروز یعنی اوتار پَیدا کرے۔سو یہ وعدہ میرے ظہور سے پورا ہوا۔‘‘ (لیکچر سیالکوٹ۔روحانی خزائن جلد۲۰ صفحہ ۲۲۸، ۲۲۹) (ھ) ’’مجھے منجملہ اَور الہاموں کے اپنی نسبت ایک یہ بھی الہام ہوا تھا کہ ہے کرشن رُودّر گوپال تیری مہما گیتا میں لکھی گئی ہے۔‘‘ (لیکچرسیالکوٹ۔روحانی خزائن جلد ۲۰ صفحہ ۲۲۹) (و) ’’ جیسا کہ آریہ قوم کے لوگ کرشن کے ظہور کا اِن دنوں میں انتظار کرتے ہیں۔وہ کرشن مَیں ہی ہوں اور یہ دعویٰ صرف میری طرف سے نہیں بلکہ خدا تعالیٰ نے بار بار میرے پر ظاہر کیا ہے کہ جو کرشن آخری زمانہ میں ظاہر ہونے والا تھا وہ تُو ہی ہے۔آریوں کا بادشاہ۔‘‘ (تتمہ حقیقۃ الوحی۔روحانی خزائن جلد ۲۲ صفحہ ۵۲۱،۵۲۲)