تذکرہ

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 56 of 1089

تذکرہ — Page 56

۱۸۸۳ء یا اس سے قبل ’’کچھ عرصہ ہوا ہے کہ خواب میں دیکھا تھا کہ حیدر آباد سے نواب اقبال الدولہ صاحب کی طرف سے خط آیا ہے اور اس میں کسی قدر روپیہ دینے کا وعدہ لکھا ہے…پھر تھوڑے دنوں کے بعد حیدر آباد سے خط آگیا اور نواب صاحب موصوف نے سو روپیہ بھیجا۔فَالْـحَمْدُ لِلہِ عَلٰی ذٰلِکَ ‘ ‘ (براہین احمدیہ حصہ چہارم۔روحانی خزائن جلد ۱ صفحہ ۵۶۸، ۵۶۹ حاشیہ در حاشیہ نمبر۳) ۱۸۸۳ء یا اس سے قبل ’’ایک دفعہ کی حالت یاد آئی ہے کہ انگریزی میں اوّل یہ الہام ہوا۔آئی لَوْ یُو؎۱ یعنی میں تم سے محبت رکھتا ہوں۔پھر یہ الہام ہوا۔آئی ایم وِد یُو؎۲ یعنی میں تمہارے ساتھ ہوں۔پھرالہام ہوا۔آئی شیل ہیلپ یُو؎۳ یعنی میں تمہاری مدد کروں گا۔پھر الہام ہوا۔آئی کین وَیٹ آئی وِل ڈُو؎۴ یعنی میں کرسکتا ہوں جو چاہوں گا۔پھر اس کے بعد بہت ہی زور سے جس سے بدن کانپ گیا یہ الہام ہوا۔وِی کین وَیٹ وِی وِل ڈُو ؎۵ یعنی ہم کرسکتے ہیں جو چاہیں گے۔اور اُس وقت ایک ایسا لہجہ اور تلفظ معلوم ہوا کہ گویا ایک انگریز ہے جو سر پر کھڑا ہوا بول رہا ہے اور باوجود پُر دہشت ہونے کے پھر اُس میں ایک لذت تھی جس سے رُوح کو معنے معلوم کرنے سے پہلے ہی ایک تسلی اور تشفی ملتی تھی اور یہ انگریز ی زبان کا الہام اکثر ہوتا رہا ہے۔‘‘ (براہین احمدیہ حصہ چہارم۔روحانی خزائن جلد ۱ صفحہ ۵۷۱، ۵۷۲ حاشیہ در حاشیہ نمبر۳ ) ۱ I love you۔۲ I am with you۔۳ I shall help you۔۴ I can what I will do۔۵ We can what we will do۔