تذکرہ — Page 744
حکیم محمد شریف صاحب کے پاس امرتسر بھیجا ہوا تھا، وہ گم ہوگیا ہے، اور نیز ایک ورق براہین احمدیہ کا لایا جو بہت خراب تھا او رپڑھا نہیں جاتا تھا۔یہ معلوم کرکے آپ کو بہت تشویش ہوئی… حضرت صاحب اور یہ خاکسار بٹالہ سے گاڑی میں سوار ہوکر امرتسر پہنچے۔جب حکیم صاحب کے مکان پر پہنچے تو حکیم صاحب نے بہت خوش ہوکر کہا کہ یہ آپ ؑ کا نگینہ گم ہوگیا تھا مگر ابھی مل گیا ہے اور جب مطبع میں جاکر کتاب دیکھی تو وہ اچھی چھپ رہی تھی۔جس پر آپ ؑ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ نے ہم کو پہلے سے بشارت دے دی تھی کہ ہم تجھے غم سے نجات دیں گے سو وہ یہی غم تھا۔‘‘ (سیرت المہدی مؤلفہ حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ ایم۔اے، جلد ۱ روایت نمبر ۴۵۳ صفحہ ۴۳۱، ۴۳۲ مطبوعہ ۲۰۰۸ء) ۱۸۸۴ء حضرت اُمّ المؤ منین رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے فرمایا۔’’میری شادی سے پہلے حضرت صاحب کو معلوم ہوا تھا کہ آپ ؑ کی دوسری شادی دِلّی میں ہوگی۔‘‘ ( سیرت المہدی مؤلفہ حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ ایم۔اے، جلد ۱ روایت نمبر ۶۹ صفحہ ۵۱ مطبوعہ ۲۰۰۸ء) ۱۸۸۴ء ’’حافظ حامد علی صاحبؓ مرحوم خادم حضرت مسیح موعود علیہ السلام بیان کرتے تھے کہ جب حضرت صاحب نے دوسری شادی کی تو ایک عمر تک تجرد میں رہنے اور مجاہدات کرنے کی وجہ سے آپ ؑ نے اپنے قویٰ میں ضعف محسوس کیا۔اس پر وہ الہامی نسخہ جو ’’زدجامِ عشق ‘‘ کے نام سے مشہور ہے بنواکر استعمال کیا چنانچہ وہ نسخہ نہایت ہی بابرکت ثابت ہوا … نسخہ زدجامِ عشق یہ ہے جس میں ہر حرف دوا کے نام کا پہلا حرف مراد ہے۔زعفران، دارچینی، جائفل، افیون، مُشک، عقرقرحا، شنگرف، قرنفل یعنی لَونگ۔اِن سب کو ہم وزن کُوٹ کر گولیاں بناتے ہیں اور روغن سَـمُّ الْفَار میں چرب کرکے رکھتے ہیں اور روزانہ ایک گولی استعمال کرتے ہیں۔الہامی ہونے کے متعلق دو باتیں سنی گئی ہیں۔ایک یہ کہ یہ نسخہ ہی الہام ہوا تھا۔دوسرے یہ کہ کسی نے یہ نسخہ حضور ؑ کو بتایا اور پھر الہام نے اِسے استعمال کرنے کا حکم دیا۔وَاللہُ اَعْلَمُ۔‘‘ ( سیرت المہدی مؤلفہ حضرت مرزا بشیر احمد صاحبؓ ایم۔اے، جلد ۱ حصّہ سوم روایت نمبر ۵۶۹ صفحہ۵۴۸ مطبوعہ ۲۰۰۸ء) ۱۸۸۴ء حضرت اُمّ المؤمنین رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے فرمایا۔’’جب میری شادی ہوئی اور مَیں ایک مہینہ قادیان ٹھہر کر پھر واپس دہلی گئی تو اُن ایام میں حضرت مسیح موعود ؑ