تواریخ مسجد فضل لندن

by Other Authors

Page 146 of 187

تواریخ مسجد فضل لندن — Page 146

128 معلوم نہ ہو سکا۔صرف اتنا ہی پتہ چلا کہ امیر اس میں حصہ نہیں لیں گے۔یہ معلوم ہوتا ہے کہ امیر کو سلطان ابن سعود نے تار کے ذریعہ روکا ہے۔اس کی وجہ یہ معلوم ہوتی ہے کہ شاہ نجد نے جو کہ وہابی فرقہ کا سردار ہے ایک حریف فرقہ کی مسجد کے افتتاح کو غیر موزوں سمجھا۔ان دونوں فرقوں میں بعض شدید اختلافات ہیں۔وہابی اپنے مذہبی خیالات میں افراط کے درجہ کو پہنچے ہیں۔وہ تمباکو کو قطعی حرام جانتے ہیں۔اور کافی جو صحرائی قوموں کی تسکین ہے۔ان کے خیال میں ایک قابل شرم عیاشی ہے۔احمدی انسانی کمزوریوں کو ایک وسیع اور بردبارانہ نظر سے دیکھتے ہیں۔عبادت کے رسومات کے متعلق بھی ان میں اختلاف ہے۔(13) ٹائمز (Times) (مورخہ 4/اکتوبر 1926ء) لنڈن کی پہلی مسجد - سلطان ابن سعود کی ممانعت لنڈن کی پہلی مسجد کے افتتاح سے امیر فیصل کے آخری گھڑی پر دست کش ہو جانے نے پبلک کو ڈرامے والی حیرت میں ڈال دیا اور امام اور اس کے احمدی دوستوں کو از حد مایوس کر دیا۔دستبرداری کا پیغام امام مسجد کو ہفتہ کے دن گیارہ بجے صبح دیا گیا۔شہزادہ کا فارن سیکریٹری ان کو یہ اطلاع دینے کے لئے آیا کہ امیر کو افتتاحی رسم میں شامل نہ ہو سکنے سے سخت رنج و مایوسی ہے کیونکہ اسے حجاز اور نجد کے بادشاہ کی طرف سے ممانعت کی تار وصول ہوئی ہے۔امیر نے نہ صرف معذرت پیش کی بلکہ اپنے نمائندہ کی معرفت یہ کہلا بھیجا کہ اُس نے باپ کو تار دی ہے کہ کچھ غلط فہمی ہوئی ہے۔ممانعت پر نظر ثانی کی جائے۔