تصدیق براھین احمدیہ — Page 302
تصدیق براہین احمدیہ تناسخ پر عقلی بحث تو بقدر ضرورت لکھ چکا ہوں اب ایک نقلی سنیئے اور اس بحث کی ضرورت اس لئے پڑی کہ تنقیہ دماغ کے مصنف نے تناسخ کے اثبات میں قرآن کریم کی آیات کریمہ سے استدلال کیا ہے اگر چہ عقل والے اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ اس سمجھدار قوم کو اتنی عاقبت اندیشی نہیں مسلمان تو تیرہ سو برس میں تناسخ جیسے ضروری اور اعتقادی مسئلہ کو جو قرآن میں (معاذ اللہ ) موجود ہونہ سمجھیں۔اور یہ ہندی نژاد جس کو عربی لٹریچر کی بھی خبر نہیں قرآن سے تناسخ کو سمجھ جاوے۔خیر کچھ ہی کیوں نہ ہو۔تنقیہ دماغ والے نے تناسخ کی لفظی بحث میں تین مقد مے قائم کئے ہیں اور تینوں کا ثبوت قرآن سے دیا ہے۔اول۔روح کا ایک قالب سے دوسرے قالب میں آنا۔دوم۔ایک صورت سے دوسری صورت میں آنا۔سوم۔پاپ کرموں کی وجہ سے بار بار سنساروں میں جنم لینا۔امراول کا ثبوت یہ دیا ہے۔قالواء إِذَا كُنَا عِظَامًا وَرُفَانَّاءَ إِنَّا لَمَبْعُوثُوْنَ خَلْقًا جَدِيدًا (بنی اسرائیل: ۵۰) أَوَلَمْ يَرَوْا أَنَّ اللَّهَ الَّذِي خَلَقَ السَّمَوتِ وَالْاَرْضَ قَادِرٌ عَلَى اَنْ يَخْلُقَ مِثْلَهُمْ (بنی اسرائیل: ۱۰۰) دوسری دلیل یہ دی ہے۔كَمَا بَدَانَا أَوَّلَ خَلْقٍ نُعِيْدُهُ وَعْدًا عَلَيْنَا إِنَّا كُنَّا فَعِلِينَ (الانبیاء: ۱۰۵)۔اس کا ترجمہ کیا ہے۔جیسا ابتدا سے بنایا ہم نے پہلی بار پھر اس کو دہرا دیں گے وعدہ ضرور ہو چکا ہے ہم پر بے شک ہم کرنے والے ہیں۔مصدق۔مگر ناظرین یا درکھیں ان دونوں آیات کریمہ سے تو اتنا ثابت ہوا کہ دنیا کے ختم ہو جانے پر قیامت کے روز لوگ پھر جی اٹھیں گے اور اسلامیوں کو اس بات سے انکار نہیں۔ا ترجمہ مصنف تحقیہ دماغ۔بولے کیا جب ہم ہو گئے ہڈیاں اور چورا۔کیا ہم پھر اٹھیں گے نئے بن کر۔کیا نہیں دیکھ چکے کہ جس اللہ نے بنائے آسمان اور زمین سکتا ہے ایسوں کو بنانا۔