تاریخ احمدیت (جلد 23)

by Other Authors

Page 328 of 849

تاریخ احمدیت (جلد 23) — Page 328

تاریخ احمدیت۔جلد 23 328 سال 1965ء کہ آپ اس مقام تربیت سے کبھی نیچے نہ گریں۔۔اے جان سے زیادہ عزیز بھائیو! میرا ذرہ ذرہ آپ پر قربان کہ آپ کو خدا تعالیٰ نے جماعتی اتحاد اور جماعتی استحکام کا وہ اعلیٰ نمونہ دکھانے کی توفیق عطا کی کہ آسمان کے فرشتے آپ پر ناز کرتے ہیں۔آسمانی ارواح کے سلام کا تحفہ قبول کرو۔تاریخ کے اوراق آپ کے نام کو عزت کے ساتھ یاد کریں گے۔اور آنے والی نسلیں آپ پر فخر کریں گی۔کہ آپ نے محض اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر اس بندہ ضعیف اور نا کارہ کے ہاتھ پر متحد ہو کر یہ عہد کیا ہے۔کہ قیام تو حید اور اللہ تعالیٰ کی عظمت اور اس کے جلال کے قیام اور غلبہ اسلام کے لئے جو تحریک اور جو جد و جہد حضرت مسیح موعود علیہ الصلواۃ والسلام نے شروع کی تھی۔اور جسے حضرت مصلح موعود نے اپنے آرام کھو کر، اپنی زندگی کے ہر سکھ کو قربان کر کے، اکناف عالم تک پھیلایا ہے۔آپ اس جدو جہد کو تیز سے تیز تر کرتے چلے جائیں گے۔میری دعائیں ہمیشہ آپ کے ساتھ ہیں۔اور میں ہمیشہ آپ کی دعاؤں کا بھوکا ہوں۔میں نے آپ کی تسکین قلب کے لئے ، آپ کے بار ہلکا کرنے کے لئے ، آپ کی پریشانیوں کو دور کرنے کے لئے ، اپنے رب رحیم سے قبولیت دعا کا نشان مانگا ہے۔اور مجھے پورا یقین اور پورا بھروسہ ہے اُس پاک ذات پر کہ وہ میری اس التجا کو رو نہیں کرے گا۔“ ان پُر درد اور نہایت درجہ اثر انگیز کلمات طیبات کے بعد حضور نے احباب جماعت کو تحریک فرمائی کہ ہم خدا تعالیٰ کی محبت کی تلاش میں یہاں جمع ہوئے ہیں پس اپنے اوقات کو زیادہ سے زیادہ دعاؤں میں خرچ کریں۔جلسہ کے دوران بے آرامیاں بھی سہنی پڑیں تو بشاشت کے ساتھ برداشت کریں۔اپنی دعاؤں میں اکناف عالم میں پھیلے ہوئے خدامِ دین ، اپنے لاکھوں ہموطن بھائیوں اور کشمیر کے مسلمان بھائیوں کو ضرور یادرکھیں کہ ان پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔وہ قیدیوں کی طرح ہیں۔اور راہ نجات ان پر بند نظر آ رہی ہے۔لیکن ہمارا خدا بڑی طاقتوں والا اور بڑی قدرتوں والا خُدا ہے۔وہ اگر چاہے تو ایک آن میں اُن کے حالات کو بدل سکتا ہے۔