تاریخ احمدیت (جلد 23)

by Other Authors

Page 121 of 849

تاریخ احمدیت (جلد 23) — Page 121

تاریخ احمدیت۔جلد 23 121 سال 1965ء مرکز یہ مجلس خدام الاحمدیہ مرکز یہ اور لجنہ اماءاللہ مرکزیہ کے جملہ کارکنان، ربوہ کے جملہ تعلیمی ادارہ جات کے ممبران اسٹاف ، دکاندار اور دیگر پیشہ ور حضرات الغرض آمد پیدا کرنے والے جملہ افراد نے اپنی ایک ماہ کی آمدنی کا تیسرا حصہ قومی دفاعی فنڈ میں بطور چندہ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چنانچہ جملہ شہریوں سے رقوم جمع کرنے کی مہم شروع کر دی گئی ہے۔امید ہے کہ بہت جلد اس طرح ایک لاکھ روپے کی رقم جمع ہو جائے گی۔رقم جمع ہوتے ہی اس رقم کو قومی دفاعی فنڈ میں ارسال کر دیا جائے گا۔یادر ہے یہ رقم اس ایک لاکھ روپے کے علاوہ ہو گی جو سید نا حضرت خلیفہ اسیح الثانی کی ہدایت سے صدر انجمن احمد یہ پاکستان پہلے ہی اس فنڈ میں جمع کرا چکی ہے۔مزید برآں اہل ربوہ نے متعلقہ حکام کو باضابطہ طور پر پیشکش کی ہے کہ زخمی فوجی بھائیوں کے واسطے خون دینے کے سلسلہ میں ان کی طرف سے جو مطالبہ بھی ہوگا انشاء اللہ تعالیٰ اسے پورا کیا جائے گا۔چنانچہ ربوہ کے جو احباب اپنے آپ کو اس خدمت کے لئے پیش کرنے کے لئے تیار ہیں ان کی تعداد ہزاروں تک پہنچتی ہے۔اسی طرح ہر محاذ پر پاکستان کی نمایاں اور عظیم الشان فتح کے لئے ربوہ کی مرکزی مسجد یعنی مسجد مبارک اور شہر بھر کی جملہ دیگر مساجد میں خصوصی دعاؤں اور نوافل کی ادائیگی کا سلسلہ برابر جاری ہے۔علی الخصوص گزشتہ جمعہ (۱۰ ستمبر ) اور پیر (۱۳ستمبر ) کے روز جب محاذ پر گھمسان کی جنگ ہو رہی تھی۔ربوہ کی جملہ مساجد میں اشراق کے وقت سے لے کر نماز عصر سے قبل تک احباب بڑی تعداد میں مساجد میں جا کر نوافل ادا کرتے رہے اور فتح یابی کے لئے دعائیں مانگتے رہے۔نیز پیر کے روز نماز عصر کے بعد محترم مولانا جلال الدین صاحب شمس نے مسجد مبارک میں احباب سے خطاب کرتے ہوئے دعا کی پُر زور تحریک کی اور پھر ایک پُر سوز رقت آمیز اجتماعی دعا کرائی۔یہ دعا سوز و گداز اور دردو الحاح کے لحاظ سے ایک خاص شان کی حامل تھی۔آج کل گھر گھر نماز تہجد اور نوافل ادا کرنے کے علاوہ بڑی کثرت سے دعائیں کی جا رہی ہیں۔اللہ تعالیٰ یہ دعائیں قبول فرمائے اور پاکستان کو اپنے فضل سے فتح عظیم بخشے۔آمین اللهم آمین صدر لجنہ اماءاللہ کی پاکستانی احمدی خواتین سے اپیل حضرت سیدہ مریم صدیقہ صاحبہ صدر لجنہ اماءاللہ مرکزیہ نے پاکستانی احمدی خواتین سے اپیل کی کہ وہ موجودہ ملکی حالات میں اپنے فرائض کی طرف فوری توجہ فرما ئیں چنا نچہ آپ نے لکھا:۔