تاریخ احمدیت (جلد 22)

by Other Authors

Page 588 of 818

تاریخ احمدیت (جلد 22) — Page 588

تاریخ احمدیت۔جلد 22 588 سال 1964ء آدمیوں کو ساتھ لے کر قادیان پہنچے اور حضرت صاحب کی بیعت کرنے کے بعد واپس گاؤں آئے۔اب ہماری مخالفت شروع ہو گئی۔ہمارا مقاطعہ ہو گیا اور ہمارے بائیکاٹ کی تحریک زور پکڑ گئی۔اس پر ہم محبوب عالم صاحب مالک راجپوت سائیکل ورکس سے ملے۔انہوں نے فرمایا صبر کرو۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا یہی حکم ہے۔اس پر ہم گاؤں واپس آ کر نمازوں اور دعاؤں میں مشغول ہو گئے۔کیونکہ ہماری بیعت کے بعد گاؤں کے لوگوں نے ہماری بے وجہ مخالفت کی۔اس لئے ان کی آپس میں سخت لڑائی ہوئی اور وہ باہمی عداوت کے بعد تتر بتر ہو گئے۔ہمارے لئے تو یہ بھی خدا کا ایک نشان تھا۔میں گاؤں میں اکیلا تھا۔حضرت مولوی غلام حسین صاحب اپنے وطن واپس جاچکے تھے۔میں لاہور حضرت صاحب کی خدمت میں حاضر ہوا۔حضور ان دنوں لا ہور تشریف لائے ہوئے تھے۔میں نے عرض کیا حضور گاؤں میں اکیلا احمدی ہوں۔حضور نے مسکرا کر فرمایا مومن کبھی اکیلا نہیں ہوتا۔آپ جا کر تبلیغ کریں۔میں نے حضور کے اس ارشاد پر عمل کیا۔اس وقت ( یعنی ۱۹۶۴ء میں۔ناقل ) جماعت ہانڈو کے کل افراد کی تعداد ایک سو بیس کے قریب ہے۔حضرت چوہدری صاحب جماعت احمدیہ ہانڈو گجر کے صدر بھی تھے۔حضرت چوہدری صاحب بلند اخلاق، زاہد، زنده دل، مہمان نواز اور صابر و شاکر اور تہجد گزار بزرگ تھے۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذکر خیر پر اکثر رقت طاری ہو جاتی تھی۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام اور حضرت مصلح موعود کی محبت ان کی رگ رگ میں سمائی ہوئی تھی۔علاقہ بھر کے دوست و دشمن ان کی تہ دل سے عزت کرتے تھے اور اپنے گاؤں کے لوگ انہیں دولہا کہا کرتے تھے۔پیغام حق پہنچانے میں ہمیشہ کوشاں رہتے۔اپنے علاقہ میں روشنی اور صداقت کا مینار تھے۔آپ کا اسم گرامی مینارة اسبح قادیان پر زیر نمبر ۱۸۸ نصب ہے۔اولاد: اللہ تعالیٰ نے آپ کو سات صاحبزادوں اور دو صاحبزادیوں سے نوازا۔بیٹے : مکرم چوہدری عصمت علی صاحب، مکرم چوہدری صفدر علی صاحب ، مکرم چوہدری اختر علی صاحب والد مکرم چوہدری فیاض احمد صاحب صدر جماعت احمد یہ ہانڈ و گجر، مکرم چوہدری مظفر احمد صاحب ، مکرم چوہدری منور احمد صاحب، مکرم چوہدری ناصر احمد صاحب، مکرم چوہدری مبشر احمد صاحب بیٹیاں محترمہ ذکیہ سلطانہ صاحبہ زوجہ چوہدری محمد یعقوب صاحب ہانڈ و گجر محترمہ ثریا ناصر صاحبہ زوجہ چوہدری ناصر احمد صاحب حال مقیم کینیڈا