تاریخ احمدیت (جلد 21) — Page 287
تاریخ احمدیت 287 زمین پر کیوں آئیں۔وہ اسی وقت زمین پر آتے ہیں جب بنی نوع انسان کا ایک طبقہ انتہائی جوش کے ساتھ اللہ تعالیٰ کا نام بلند کر رہا ہو۔پس اگر تم دعاؤں اور ذکر الہی پر زور دو گے تو خدا تعالیٰ کے فرشتے بے تاب ہو کر تمھاری طرف دوڑے چلے آئیں گے اور کہیں گے کہ جب یہ خدا کے کمزور بندے ہو کر اس قدر کوشش کر رہے ہیں تو ہم خدا کے فرشتے ہو کر کیوں نہ کام کریں۔اور جب خدا تعالیٰ کے فرشتے آسمان سے تمھاری مدد کے لئے اتر آئیں گے تو تمھاری فتح میں کوئی شبہ ہی نہیں رہ سکتا۔پھر جس میدان میں بھی تم لڑو گے تمھارے ساتھ فرشتے بھی لڑیں گے اور جب تمھارے ساتھ خدا تعالیٰ کے فرشتے ہوں گے تو تمھارے مقابل پر کون ٹھہر سکتا ہے۔اب میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ ہماری جماعت کو اسلام کے لئے سچی اور مستقل قربانی کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے اندر ایسے لوگ زیادہ سے زیادہ پیدا فرمائے جو اسلام اور احمدیت کے انوار پھیلانے کے لئے ہر قسم کی قربانی کے لئے تیار ہوں اور اللہ تعالیٰ وہ دن جلد لائے جب اسلام کا جھنڈا ساری دنیا میں اپنی پوری شان کے ساتھ لہرانے لگ جائے۔اسی طرح میں دعا کرتا ہوں کہ ہمارے وہ مربی جو پاکستان میں کام کر رہے ہیں اور وہ مبلغ جو پاکستان سے باہر غیر ممالک میں اسلام کی تبلیغ کر رہے ہیں اللہ تعالیٰ ان سب کا حافظ و ناصر ہو اور ان کو اپنی خاص تائید اور نصرت سے بہرہ ور فرمائے اور خواہ ہمارا مبلغ کسی ملک میں اکیلا اور تن تنہا پھر رہا ہو پھر بھی اللہ تعالیٰ اپنی نصرت اور تائید سے اسے ایسی طاقت بخشے کہ وہ دنیا کے بڑے سے بڑے انسان کو بھی اپنے علم اور اپنی روحانیت سے مغلوب کر سکے۔پھر اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمارے چھوٹوں اور بڑوں، ہمارے مردوں اور عورتوں، ہمارے بچوں اور بوڑھوں ، ہمارے بیماروں اور تندرستوں غرض سب کو اپنی پناہ میں لے لے۔اپنا فضل ان کے شامل حال رکھے۔اپنی برکات ان پر نازل کرے، اپنے رحم اور کرم سے ان کو نوازے اور ہماری جماعت کو اپنے خاص فضل سے ایک عرصہ دراز تک جو حیرت انگیز اور معجزانہ طور پر دراز ہو دنیا میں اپنا نام روشن کرنے اور دین کا جھنڈا بلند کرنے کا موجب بنا دے۔آمین یا رب العلمین دستخط ) مرزا محمود احمد خلیفہ اسیح الثانی 282 28-12-61 جلد 21