تاریخ انصاراللہ (جلد 2) — Page 378
صدر محترم کا دور وسانگھڑ صدر محترم حضرت صاحبزادہ مرزا طاہر احمد صاحب ۹ فروری ۱۹۸۱ء کو سانگھڑ تشریف لے گئے اور دو پہر کے وقت ایک مختصر اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے سورہ حم سجدہ کی آیت إِنَّ الَّذِينَ قَالُوا رَبُّنَا اللهُ ثُمَّ اسْتَقَامُوا تَتَنَزَّلُ عَلَيْهِمُ الْمَلَكَةُ کی پُر معارف تفسیر بیان فرمائی۔آپ نے فرمایا جس طرح اللہ تعالیٰ نے کائنات میں مختلف قسم کے موسم مقرر فرمائے ہیں اسی طرح مذہبی دنیا میں بھی اللہ تعالیٰ نے مختلف قسم کے موسم مقرر فرمائے ہیں۔ان آیات میں اللہ تعالیٰ نے انہی موسموں کا ذکر فرمایا ہے کہ جولوگ خدا کو اپنا رب مانتے ہیں پھر اپنے عمل سے اس پر استقامت اختیار کرتے ہیں ، ان کی مخالفت ضرور ہوتی ہے۔ان کے خلاف آندھیاں چلتی ہیں۔لیکن مخالفت کے اس دور کے بعد دوسرے موسم کی صورت میں ان پر فرشتے نازل ہوتے ہیں اور انہیں خوشخبری دیتے ہیں کہ اب نہ تمہیں خوف ہے اور نہ حزن کی کوئی وجہ باقی ہے۔حضرت صاحبزادہ صاحب نے فرمایا یہ دور احمدیت پر بھی آیا اور گزر گیا۔ہم نے خدا کے نام پر کام کیا اور انشاء اللہ کرتے رہیں گے۔ہم نے مصائب کے دور کو خندہ پیشانی سے جھیلا اور ایسا استقامت کا نمونہ دکھایا کہ انسان دنگ رہ گیا اور اللہ تعالی نے اپنے وعدہ کے مطابق صبر و استقامت کے بعد دوسرا موسم دکھایا اور اس کے نتائج اور ثمرات ظاہر ہوئے۔اس ضمن میں آپ نے گوجرانوالہ اور شیخو پورہ کی مثالیں پیش کیں۔آپ نے فرمایا اب جماعتی ترقیات کا دور شروع ہو چکا ہے۔سانگھڑ کی جماعت کو عموماً اور انصار کو خصوصاً تبلیغ کی طرف توجہ دینی چاہئے تا کہ سانگھڑ کی جماعتیں بھی اس انقلاب اور ترقی کے دور میں شامل ہوسکیں۔شام چار بجے آپ کے اعزاز میں چائے کا انتظام کیا گیا۔جس میں بہت سے غیر از جماعت احباب بھی شامل ہوئے۔حضرت صاحبزادہ صاحب نے مہمانوں کے سوالات کے جوابات دیئے۔اس کے بعد مکرم پیر شریف احمد صاحب ایڈووکیٹ کے مکان پر کچھ غیر از جماعت وکلاء سے بھی صاحبزادہ صاحب نے تبادلہ خیالات کیا۔خدا تعالیٰ کے فضل سے سب نے بہت اچھا تاثر لیا۔شام ساڑھے پانچ بجے صدر محترم حیدر آباد تشریف لے گئے۔(۴۵) مجلس سوال و جواب فیصل آباد مجلس فیصل آباد کے زیر اہتمام بٹالہ کالونی فیصل آباد میں ۲۵ فروری ۱۹۸۱ء کو شام سات بجے سے نو بجے تک دلچسپ مجلس سوال و جواب منعقد ہوئی۔نوے حاضرین میں سے انچاس غیر از جماعت تھے۔مکرم پروفیسر صوفی بشارت الرحمن صاحب نے عقائد جماعت احمد یہ بیان کئے اور سوالات کے جواب دیئے۔مکرم مولوی محمد اسماعیل صاحب منیر قائد اصلاح وارشاد نے آپ کی معاونت کی۔﴿۴۶﴾