تاریخ انصاراللہ (جلد 2) — Page 2
(۱) مکرم چوہدری حمید اللہ صاحب (۲) مکرم صاحبزادہ مرزا خورشید احمد صاحب (۳) مکرم چوہدری سمیع اللہ سیال صاحب (۴) مکرم چوہدری مبارک مصلح الدین احمد صاحب سیدنا حضرت خلیفۃ اسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ نے کثرت آراء کو منظور فرماتے ہوئے مکرم چوہدری حمید اللہ صاحب کو نائب صدر صف دوم مقررفرمایا۔صدر محترم کا پیغام عہد یداران کے نام حضرت صاحبزادہ مرزا طاہر احمد صاحب نے یکم جنوری ۱۹۷۹ء کو مجلس انصار اللہ عالمگیر کے صدر کی حیثیت سے کام کا آغاز مجلس عاملہ کی تقرری سے فرمایا اور سالانہ لائحہ عمل ہدایات طبع کروا کے مجالس کو بھجوایا۔اس موقع پر صدر مجلس نے عہد یداران مجلس انصار اللہ میں نیکیوں میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرنے کی خاطر ایک نہایت حکیمانہ اور پُر عزم پیغام تحریرفرمایا نیز مثالوں سے عملی رہنمائی فرمائی۔اس خصوصی پیغام کا مکمل متن درج ذیل ہے: برادران کرام! السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ وقت کا یہ بہتا دھارا دنیا و مافیہا سے غافل لوگوں ، مومن و کافر اور نیک و بد ہر ایک کی زندگی کی کشتی کو مسلسل آگے بڑھائے لئے چلا جاتا ہے اور اس دائمی حرکت سے کسی کے لئے کوئی مفر اور گریز نہیں۔فرق صرف یہ ہے کہ بعض کشتیاں دھارے میں ایسی ہیں جو بے مقصد اور بے سروپا ہے چلی جاتی ہیں۔نہ ان کا رخ معین ، نہ منزل مقصود کی کوئی خبر ، نہ مقصد حیات کا کوئی نشان۔پھر ایسی بھی بہت سی کشتیاں ہیں جن کا رخ تو معین ہے لیکن ہلاکت کی منجدھار کی جانب ، وہ بر بادی کی آبشاروں کی طرف اپنے حال سے بے خبر اور انجام سے بے نیاز گویا محض اس غرض سے آگے بڑھ رہی ہیں کہ قعر مذلت میں اس زور سے گریں کہ ہلاکت خیز چٹانوں سے ٹکرا کر پاش پاش ہو جائیں اور ذلت اور ہلاکت اور ناکامی اور نامرادی کی ایک المیہ داستان بن جائیں۔ان دونوں قسموں کی زندگیوں سے سوا اور بالکل الگ کچھ ایسی کشتیاں بھی وقت کے اس عظیم دھارے میں بہہ رہی ہیں جن کی سمت معین اور مقصود، اعلیٰ اور ارفع اور ذی شان ہے۔وہ ہرلمحہ کا مرانی اور فلاح کی طرف بڑھ رہی ہیں اور بالا رادہ کوشش اور مسلسل جدوجہد کے ساتھ نیک مقاصد کی سمت ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کر رہی ہیں۔یہ زندگیاں مومنوں کی زندگیاں ہیں۔اوران کا نصب العین وہی ہے جو قرآن حکیم نے ان کے لئے ان الفاظ میں متعین فرما دیا ہے۔وَلِكُلٍ وَجْهَةٌ هُوَ مُوَلِيْهَا فَاسْتَبِقُوا الْخَيْرَتِ (البقرة : ۱۴۹)