تفہیماتِ ربانیّہ — Page v
زیر نظر کتاب میدان تبلیغ کے لئے ایک رنگ میں انسائکلو پیڈیا کا درجہ رکھتی ہے۔اس میں جوابات نہایت سلیس اور عام فہم پیرایہ میں ہیں۔نہ صرف دلائل کے لحاظ سے جواب مسکت ولا ثانی ہیں بلکہ تحریر سے ایک خاص روحانی رنگ بھی جھلکتا ہے اور کہیں سے بھی صرف نفسانی جوش سے مخالف کو لاجواب کرنے کی ادنی سی بھی کوشش نظر نہیں آتی بلکہ جہاد فی سبیل اللہ کی اصل روح کے مطابق مخالف کو معذور و بیمار پا کر ہمدردانہ طور پر اُس کا علاج کرنے کی مخلصانہ کوشش کارفرما ہے اور جہاں ضروری ہوا وہاں اس معالج ماہر نے نشتر لگانے سے بھی گریز نہیں کیا تا ہم کہیں بھی اس میں زیادتی کا پہلو نظر نہیں آتا۔اس کتاب کی اہمیت و افادیت کار اس بات سے بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ علوم ظاہری و باطنی سے پر خلیفہ موعود حضرت الصلح الموعود نے اسے اعلیٰ لٹریچر ہونے کی سند عطا فرماتے ہوئے فرمایا کہ " اس کا نام میں نے ہی تفہیمات ربانیہ رکھا ہے ، نیز یہ کہ ' دوستوں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور اس کی اشاعت کرنی چاہئے۔“ حضرت مصلح موعودؓ کی اسی خواہش کو ایک مرتبہ پھر پورا کرنے کی نظارت نشر واشاعت قادیان کو توفیق مل رہی ہے۔چنانچہ سید نا حضرت امیر المومنین خلیفتہ اسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت و منظوری سے کتاب " تفہیمات ربانیہ “ کا پہلا کمپوزڈ ایڈیشن ہدیہ قارئین کیا جاتا ہے۔اللہ تعالیٰ اس کتاب کی اشاعت کو ہر لحاظ سے با برکت بنائے اور اس کتاب سے حقیقی معنوں میں استفادہ کی ہم سب کو توفیق عطا فرمائے۔آمین خاکسار حافظ مخدوم شریف ناظر نشر واشاعت قادیان