تبلیغی میدان میں تائید الہٰی کے ایمان افروز واقعات

by Other Authors

Page 8 of 65

تبلیغی میدان میں تائید الہٰی کے ایمان افروز واقعات — Page 8

بن جاتی ہے۔قدم قدم پر داعی الی اللہ کی تائید میں غیر معمولی نشانات اور معجزات کا ظہور اس حقیقت کو ثابت کرتا چلا جاتا ہے کو یہ وہ وجود ہے جو خدا تعالی کو پیارا ہے اور زمین و آسمان کا خدا خود اس کا معین و مدد گار ہے۔اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت کا یہ فیضان زمان و مکان کی قید سے بالا ہے۔ہر زمانہ میں اور ہر جگہ یہ مضمون جاری و ساری نظر آتا ہے۔یورپ کے مرغزار ہوں یا افریقہ کے جنگلات، عظیم الشان وسیع ممالک ہوں یا وسیع سمندر میں نقطوں کی مانند نظر آنے والے چھوٹے چھوٹے جزائر ، ہر جگہ خدا تعالی کی تائید و نصرت کے ایمان افروز نظارے اس کے حی و قیوم اور قادر و توانا ہونے کا زندہ ثبوت پیش کرتے ہیں۔رب العالمین کے اس فیضان عام سے ہر قوم فیضیاب ہوتی ہے اور کوئی زمانہ ان برکات سے محروم نہیں۔ہمارے اس دور آخرین میں جو دراصل ہمارے آقا و مولا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم ہی کا بابرکت زمانہ ہے، اللہ تعالیٰ نے اسلام کی نشاۃ عامیہ کی بنیاد رکھ کر ان نظاروں کو پھر سے زندہ کر دیا ہے جن کی جھلک ہمیں انبیاء کرام کی زندگیوں میں نظر آتی ہے۔رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کے روحانی فرزند جلیل سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ السلام، آپ کے خلفائے عظام ، صحابہ کرام اور مخلص داعیان الی اللہ کے ذریعہ خدا تعالیٰ نے ایک بار پھر اس فیضان کو جاری کر کے ثابت کر دیا ہے کہ اسلام پرانے قصوں پر مبنی فرسودہ مذہب نہیں بلکہ ایسا سدا بہار شجرہ طیبہ ہے جس کے شیریں اور تازہ بتازہ ثمرات ہر زمانہ میں عطا کئے جاتے ہیں اور ہر قوم اس سے برکت پاتی ہے۔آئیے اب ذرا واقعات کی دنیا میں اتر کر میدان تبلیغ میں تائید الہی کے ایمان افروز جلووں کا مشاہدہ کریں