سید محموداللہ شاہ

by Other Authors

Page 70 of 179

سید محموداللہ شاہ — Page 70

70 ایک رفیق دیر سینہ کے تاثرات حضرت سید محمود اللہ شاہ صاحب کے ایک دیرینہ ساتھی مکرم ومحترم ضیاء الدین احمد قریشی صاحب ایڈووکیٹ آپ کی سیرت وخصائل کے بارہ میں تحریر کرتے ہیں: سید محمود اللہ شاہ صاحب سے میرے بہت اچھے تعلقات تھے۔تعلیم الاسلام ہائی سکول میں ان کے بڑے بھائی سید عزیز اللہ شاہ صاحب مرحوم میرے کلاس فیلو تھے اور نہایت عزیز دوست تھے اور سید محمود اللہ شاہ صاحب ہم سے ایک کلاس پیچھے تھے ان کے برادر اور بزرگ سید زین العابدین ولی اللہ شاہ صاحب بھی انگریزی پڑھایا کرتے تھے۔ہم ایک ہی بورڈنگ میں ایک ہی جگہ پر رہا کرتے تھے اور نمازوں اور درسوں میں بھی ساتھ رہا کرتے تھے۔سید محمود اللہ شاہ صاحب کی دوسری شادی ( مراد تیسری شادی حضرت اقدس خلیفہ المسیح الثانی ( نور اللہ مرقدہ) نے محترمہ فرخندہ اختر صاحب سے تجویز فرمائی اور اس طرح سے یہ تعلق رشتہ داری کا رنگ اختیار کر گیا۔مجھے حضرت شاہ صاحب کو بہت نزدیک سے دیکھنے کا موقعہ ملا۔فسادات ۱۹۴۷ء میں بھی اکٹھے کام کیا۔عہد طفولیت سید محمود اللہ شاہ صاحب کے والد بزرگوار کا نام سیدعبدالستار شاہ صاحب تھا جو کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے اولین مخلص رفقاء میں سے تھے اور بعد میں حضرت خلیفہ اسیح ایدہ اللہ کے خسر بھی بنے۔آپ کے والد محترم کو یہ شوق پیدا ہوا کہ سید عزیز اللہ شاہ صاحب یعنی اپنے بڑے بیٹے کو قرآن شریف حفظ کرائیں۔لیکن ساتھ ہی یہ خیال آیا کہ اگر چھوٹے بچے یعنی محمود اللہ شاہ صاحب کو ساتھ لگا دیا جائے تو بڑا بچہ بھی زیادہ شوق سے کام کو کرنے لگے گا۔چنانچہ انہوں نے سید محمود اللہ شاہ صاحب کو بھی قرآن حفظ کرنے پر لگا دیا۔شاہ صاحب کی عمر اس وقت چار سال تھی۔چنانچہ اس کام کے واسطے ایک حافظ قرآن کی خدمات حاصل کی گئیں۔