سلسلہ احمدیہ

by Other Authors

Page 159 of 766

سلسلہ احمدیہ — Page 159

159 یہ انتہائی نازک مسئلہ ہے جس پر ملک میں پہلے بھی خون خرابہ ہو چکا ہے اور مارشل لاء لگ چکا ہے اور موجودہ حالات میں اگر اس مسئلہ کو ہوا دی گئی تو مزید خون خرابہ ہونے کا خدشہ ہے۔ہماری پالیسی یہ ہے کہ ملک میں سوشلسٹ نظام رائج کریں۔جس میں ہندو عیسائی وغیرہ تمام طبقوں کے عوام کے حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔یہ قطعاً غلط ہے کہ قادیانی فرقہ کی ہم حمایت کر رہے ہیں۔ہماری جماعت ترقی پسند ہے جس میں اس قسم کے مسئلوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔(۱۴) پھر اس کے ایک ہفتہ کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھٹو صاحب نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور احمدی فرقہ کے درمیان کوئی خفیہ سمجھوتہ نہیں ہوا تا ہم انتخاب میں کسی طبقہ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔(۱۵) جماعت کی مخالفت میں تیزی آتی ہے تمام تر کوششوں کے باوجود وہ جماعتیں جو مذہبی جماعتیں کہلاتی تھیں آپس میں اتحاد نہیں کر پارہی تھیں بلکہ ایک دوسرے کے خلاف برسر پیکار تھیں۔اس پر مستزاد یہ کہ انہیں یہ بات بری طرح چبھ رہی تھی کہ اپنا قانونی حق استعمال کرتے ہوئے بہت سے احمدی انتخابی عمل میں حصہ کیوں لے رہے ہیں۔ان کے نزدیک اگر احمدی اپنے شہری حقوق کے مطابق اس عمل میں حصہ لیں تو یہ ایک بہت بڑا جرم تھا۔وہ اپنے علاوہ باقیوں کو ملک کا دوسرے درجہ کا شہری سمجھتے تھے۔اب وہ اس حوالے سے پیپلز پارٹی پر حملے کر رہے تھے تا کہ اس طرح ایک طبقہ کی ہمدردیاں حاصل کر سکیں۔چنانچہ جماعت احمدیہ کے اشد مخالف جریدے چٹان نے انتخابات سے دو ہفتہ قبل ۲۳ نومبر کے شمارے کے سرورق پر ایک تصویر شائع کی جس میں پیپلز پارٹی کے چیئر مین بھٹو صاحب کو ایک پرندے کی صورت میں دکھایا گیا تھا۔اس کے ایک پر کے او پرلکھا تھا مرزائیت اور دوسرے پر کے اوپرلکھا تھا کمیونزم۔اس شمارے کے آغاز میں ہی یہ واویلہ کیا گیا تھا کہ جس دن سے گول میز کانفرنس ختم ہوئی ہے ہم اس دن سے چلا رہے ہیں بھٹو نے اس بر عظیم کی سیاسی تاریخ میں پہلی دفعہ مرزائیوں کو سیاسی پناہ دے کر اپنا دست و باز و بنایا اور انتخابی میدان میں مسلمانوں کے علی الرغم لا کھڑا کیا۔