سلسلہ احمدیہ — Page 289
289 دیا۔پہلی قرار داد یہ تھی کہ اس معاملے میں جنرل اسمبلی پہلے بین الاقوامی عدالتِ انصاف سے رائے لے کہ آیا اقوام متحدہ کو یہ اختیار بھی ہے کہ وہ فلسطین کے عوام کی اکثریت کی مرضی کے خلاف کوئی حل اُن پر مسلط کرے۔اور دیگر قانونی پہلوں پر عالمی عدالت سے استفسار کیا جائے۔حقیقت یہ ہے کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت بھی اس بین الاقوامی ادارے کو یہ اختیار نہیں کہ وہ ایک خطے کو اُس کے باشندوں کی اکثریت کی مرضی کے خلاف کسی اور قوم کے حوالے کر دے یا کسی ملک کو از خود تقسیم کرنے کا اعلان کر دے۔صیہونی دباؤ اور سازشوں نے اقوام متحدہ کو اُس راستے پر ڈال دیا تھا جس پر چل کر اس کی ابتداء ہی ایک ظالمانہ اور غیر قانونی فیصلے سے ہو رہی تھی۔دوسری قرار داد یہ تھی کہ جو یہودی گذشتہ سالوں میں مختلف جگہوں سے نکالے گئے ہیں انہیں اقوام متحدہ کے ممبران کے تعاون سے مختلف مقامات پر آباد کیا جائے۔تیسری قرارداد یہ تھی کہ فلسطین پر برطانوی اقتدار ختم کر کے اسے فلسطینیوں کی ایک عبوری حکومت کے حوالے کیا جائے جو ایک قانون ساز اسمبلی کا انتخاب کرائے۔اور فلسطینیوں کی منتخب کی ہوئی یہ قانون ساز اسمبلی ملک کا آئین تیار کرے۔اب ایڈ ہاک کمیٹی میں ان آراء پر بحث شروع ہوئی۔صیہونی منصوبے کی تائید کرنے والا گروہ اپنے منصوبے کو منظور کرانے کے لئے ہر قسم کے ہتھکنڈے جس بے تکلفی سے استعمال کر رہا تھا ، اس کا اندازہ اس واقعہ سے لگایا جاسکتا ہے۔۲۲ نومبر کو جب اجلاس شروع ہوا تو پہلی سب کمیٹی نے ، جس کے ممبروں میں امریکہ اور روس بھی شامل تھے تقسیم کی تجویز کے ساتھ ایک نقشہ بھی پیش کیا جس میں مجوزہ تقسیم کو ظاہر کیا گیا تھا۔اس تقسیم کے مطابق نجف کا علاقہ یہودیوں کی ریاست کو دینے کی تجویز تھی۔جب اس نقشے کی نقول ممبران کو دی گئیں تو اچانک حضرت چوہدری ظفر اللہ خان صاحب نے نشاندہی کی کہ نقشہ غلط بنا ہوا ہے۔سارا نقشہ ایک سکیل پر بنایا گیا تھا اور نجف کا حصہ چار گنا چھوٹے سکیل پر بنایا گیا تھا۔سرسری نظر سے دیکھنے پر یہ تاثر ملتا تھا کہ یہ ایک چھوٹا سا علاقہ یہودی ریاست کو دیا جا رہا ہے جبکہ حقیقت یہ تھی کہ یہ علاقہ کافی زیادہ تھا۔اس نشاندہی پر ایڈ ہاک کمیٹی میں ایک کھلبلی پیدا ہوگئی۔(۶) بہت سے ممالک بڑی طاقتوں کے دباؤ کے تحت تقسیم کے حق میں ووٹ تو دینے کو تیار ہو گئے تھے لیکن خود ان کے نمائندے محسوس کر رہے تھے کہ یہ زیادتی ہو رہی ہے اور دباؤ میں آکر ایک قوم