شہدائے لاہور کا ذکر خیر

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 43 of 243

شہدائے لاہور کا ذکر خیر — Page 43

مکرم میجر جنرل (ریٹائرڈ) ناصر احمد چوہدری صاحب شہید دوسرے شہید مکرم میجر جنرل (ریٹائرڈ) ناصر احمد چوہدری صاحب ابن مکرم چوہدری صفدر علی صاحب ہیں۔یہ بہلول پور تحصیل پسر ورضلع سیالکوٹ کے رہنے والے تھے۔ان کے والد صاحب انسپکٹر تھے اور 1930 ء میں ڈیوٹی کے دوران ہی وہ بھی شہید ہوئے تھے۔اس وقت جنرل صاحب شہید کی عمر صرف 10 سال تھی۔جنرل صاحب کی دادی جو تھیں وہ حضرت چوہدری سر ظفر اللہ خان صاحب کی رضاعی والدہ بھی تھیں۔1942ء میں ان کو کمیشن ملا ، بنگلور گئے۔اور دوسری جنگ عظیم میں برما کے فرنٹیئر فورس محاذ پر تھے۔43ء میں ان کا نکاح ہوا اور سید سرور شاہ صاحب نے ان کا نکاح پڑھا۔اور اس بات کا اظہار کیا کرتے تھے کہ میرے نکاح میں حضرت مرزا بشیر احمد صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور حضرت مرزا شریف احمد صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ بھی شامل ہوئے تھے۔بہر حال فوج میں ترقی کرتے رہے اور 1971ء میں راجھستان میں اپنی بنائی ہوئی 33- Div کی کمانڈ کرتے رہے۔وہیں ان کے گھٹنے میں گولی لگی جو ان کے جسم کے اندر ہی رہی ہے۔ڈاکٹر اس کو نکال نہیں سکے۔اس حملے کے دوران میں ان کا جو پرسنل سیکرٹری تھا وہ بھی زخمی ہوا۔اس کو تو انہوں نے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ سے حیدر آباد بھیجا اور خود ٹرین کے ذریعے حیدر آباد پہنچے۔ڈاکٹر کہا کرتے تھے کہ اگر یہ دوبارہ چلنے لگ جائیں تو معجزہ ہوگا۔اس لئے گولی بھی نہیں نکالی کہ خطرہ تھا کہ مزید خرابی پیدا ہو جائے گی لیکن بہر حال بڑی قوت ارادی کے مالک تھے۔ورزش کرتے رہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان کی ٹانگ اس قابل ہوگئی کہ چلتے تھے اور اپنی کیٹیگری اے کر والی کیونکہ بی میں نوکر مل جاتا ہے۔بیس سال تک یہ سیکرٹری اصلاح و ارشاد ضلع لاہور رہے ہیں۔1987 ء سے لے کر شہادت کے وقت تک بطور صدر حلقہ ماڈل ٹاؤن خدمت سرانجام دیتے رہے۔شہادت کے وقت ان کی عمر 91 سال تھی۔اللہ کے فضل سے موصی تھے۔مسجد ماڈل ٹاؤن میں ان کی شہادت ہوئی ہے۔43