سیرت صحابہ رسول اللہ ؐ — Page 495
سیرت صحابہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم خاندانی تعارف 495 حضرت براء بن مالک انصاری حضرت براء بن مالک رضی اللہ عنہ حضرت برا کے والد مالک بن نضر تھے جو حضرت ام سلیم کے شوہر اور حضرت انس بن نضر شہید احد کے بھائی تھے۔جو اپنی بیوی ام سلیم کے قبول اسلام پر ناراض ہوکر شام چلے گئے۔برا کی والدہ بعض روایات کے مطابق تو ام سلیم ہی تھیں۔اس لحاظ سے وہ انس بن مالک کے سگے بھائی تھے بعض دیگر روایات کے مطابق براء انس کے والد کی طرف سے بھائی تھے اور ان کی والدہ سماء تھیں۔(1) انس بن نضر شہید احد کے یہ بھتیجے ، خوش آواز تھے۔وہ رسول اللہ ﷺ کے مردوں کے قافلہ کے حدی خواں ہوتے تھے ، عورتوں کے حدی خواں انجثہ تھے۔(2) شجاعت حضرت براء نے احد ، خندق وغیرہ میں تمام غزوات میں شرکت کی۔صرف بدر میں شامل نہ ہو سکے تھے۔نہایت بہادر، شجاع اور نڈر تھے۔حضرت عمرؓ فرماتے تھے کہ براہ کو مسلمانوں کے کسی لشکر کی قیادت نہ دینا کیونکہ یہ دشمن پر ہلاکت بن کر ٹوٹ پڑتے ہیں۔(3) ایران کے ساتھ جنگ خصوصاً فتح تستر میں یہ بات بڑی شان سے پوری ہوئی۔مسیلمہ کذاب کے ساتھ ہونے والی جنگ یمامہ میں بھی ان کی بہادری کے زبردست کارنامے مشہور ہوئے۔حضرت ابوبکر کے زمانہ میں مسلیمہ کذاب کا خروج ہوا۔وہ بنو حنیفہ کے چالیس ہزار مسلح لوگوں کے ساتھ مسلمانوں کے مقابل آیا۔مسیلمہ نے محض دعویٰ نبوت ہی نہیں کیا تھا بلکہ نئی شریعت ایجاد کر کے حرام کو حلال کیا، بعض نمازیں معاف کر کے زکوۃ سے انکار اور اسلام سے بغاوت کا اعلان کر کے امن وامان کا مسئلہ پیدا کر رہا تھا۔اس بناء پر حضرت ابو بکڑ نے اس بغاوت کی سرکوبی ضروری سمجھی۔حضرت ابوبکر نے حضرت خالد بن ولید کی سربراہی میں لشکر بھیجا اس میں حضرت براء بھی تھے۔جنہوں نے حضرت خالد کے دست راست بن کر خدمات انجام دیں۔