سیرت مسیح موعود علیہ السلام — Page 3
سیرت حضرت مسیح موعود علیہ السلام بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَ نُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے شمائل حصّہ اوّل آپ کی شکل ولباس و طعام اور مذاق طبیعت کا تذکرہ) حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی سیرت اور اخلاق کے بیان سے پیشتر یہ ضروری معلوم ہوتا ہے کہ آپ کے شمائل کا تذکرہ کیا جاوے اور شمائل میں آپ کی شکل و شباہت۔لباس و طعام۔مذاق طبیعت اور عادات داخل ہیں۔اس مقصد کے لئے اگر چہ تصویر سے بھی کام لیا جا سکتا ہے مگر تصویر صرف شکل وصورت کو تو ظاہر کر سکتی ہے اور وہ بھی آخر تصویر ہے لیکن وہ دوسرے حالات پر روشنی نہیں ڈال سکتی۔آپ کے حلیہ مبارک کو ایک مرتبہ میرے مکرم معظم بھائی ڈاکٹر سید محمد اسمعیل صاحب خلف اکبر حضرت میر ناصر نواب صاحب قبلہ نے لکھا تھا۔اور میں اُسے آپ کے حلیہ کا بہترین بیان یقین کرتا ہوں اس لئے میں اسے ہی درج کرتا ہوں۔کسی جگہ ضرورت محسوس ہوئی تو میں اس میں کمی بیشی بھی کر دوں گا وہ بھی بطور نوٹ کے۔یہ امر بھی یادرکھنا چاہیے کہ باوجود یکہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام ہمہ شفقت اور کامل کرم فرما تھے لیکن آپ کا چہرہ مبارک ایسا پُر رعب اور پُر شوکت تھا، تجلیات الہیہ کی ایک شان اس سے ہو ید اتھی