سیرت مسیح موعود علیہ السلام — Page 469
سیرت حضرت مسیح موعود علیہ السلام ۴۶۹ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی دعاؤں کی خصوصیات حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی دعاؤں کی خصوصیات کو بھی زیر نظر رکھنا چاہیے کہ اس سے بھی آپ کے ایمان اور تعلق باللہ خشوع وخضوع کی کیفیات کا پتہ چلتا ہے۔ان دعاؤں میں حضور کی پاکیزہ فطرت اور غیرت دینی کا نمایاں ظہور ہے۔اپنی ذات اپنی اولاد کے لئے جس چیز کی تمنا ہے وہ ایک ہی چیز ہے کہ خدا کی رضا اور اسلام کی خدمت کا مقام حاصل ہو۔دعاؤں کے پڑھنے سے معلوم ہوگا کہ آپ کے قلب پر اللہ تعالیٰ کی عظمت اور آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ سلم سے عشق و محبت کا اس قدر غلبہ ہے کہ اسی میں اپنی ہستی کو کم کر دیا ہے ملت بیضا کے لیے ہم وغم کی کیفیت کا اس قدر استیلا ہے کہ اس کے بقاء و وقار کے قیام کے لئے ہر قربانی کا جوش دل میں ہے بلکہ فرماتے ہیں کہ اسلام کا زندہ ہونا ہم سے ایک فدیہ مانگتا ہے وہ کیا ہے ہمارا اسی راہ میں مرنا۔“ آپ کی دعاؤں میں کامل درجہ کا تذلیل اور انکسار پایا جاتا ہے اور یہی چیز ہے جو دعاؤں میں قبولیت کا جذب پیدا کرتی ہے اور عظمت و رحمت الہی کو جوش دلاتی ہے۔دعاؤں میں حضرت اقدس کا طریق جو آپ کی تحریروں سے نمایاں ہے اور جس کو میں نے اپنی آنکھ سے دیکھا اور آپ کے عمل میں مشاہدہ کیا وہ یہی ہے کہ اولاً آپ اللہ تعالیٰ کی حمد کرتے اور اس کو اس قد ر لمبا کرتے جو دوسرے کسی انسان کے لئے آسان نہیں اور یہ اسی ایمان اور تعلق کو ظاہر کرتا ہے جو اللہ تعالیٰ سے آپ کو تھا اور پھر حضور علیہ الصلوۃ والسلام پر درود بھیجتے اور کثرت سے پڑھتے تھے۔