سیرۃ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم — Page 5
خاص شہرت رکھتے ہیں۔جن کے بہت سے اشعار آج تک محفوظ ہیں اور اس قدر حیرت انگیز فصاحت اور زور بیان اور قلمی مصوری کا نمونہ پیش کرتے ہیں کہ وہ اُس زمانہ کی کسی قوم اور کسی ملک کی شاعری میں نظر نہیں آتا۔مذکورہ بالا شعراء میں سے مؤخر الذکر چار شاعر جن میں آخر الذکر ایک مشہور شاعرہ کا نام ہے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ پر مسلمان ہو گئے تھے لیے ہمارا یہ بیان کہ عربوں کی تاریخ قبل از اسلام زبانی روایتوں میں محفوظ تھی بعض نا واقف لوگوں کو تعجب میں ڈالے گا کہ ایک وسیع ملک کی تاریخ جو سینکڑوں سالوں پر پھیلی ہوئی ہو محض زبانی روایتوں میں کس طرح محفوظ رہ سکتی ہے؟ لیکن ہمارے ناظرین کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ یہ اس زمانہ کی بات ہے جب کہ اقوامِ عالم کی تاریخ اسی قسم کی زبانی روایات تک محدود ہوتی تھی۔صرف فرق یہ ہے کہ جہاں بہت سی قوموں میں یہ روائتیں ایک غیر محفوظ صورت میں زبان زد خاص و عام تھیں اور بعد میں تاریخی زمانہ میں آ کر وہ جس صورت میں پائی گئیں ، جمع کر لی گئیں۔وہاں اس غیر تاریخی زمانہ میں بھی عربوں میں ان روایتوں کی حفاظت کا بہت سی دوسری قوموں کی نسبت بہتر انتظام تھا۔کیونکہ ان میں یہ دستور تھا کہ اپنے قبیلہ کی تاریخ کو روایات یا اشعار کے ذریعہ یا درکھتے تھے اور یہ بتایا جا چکا ہے کہ عربوں کا حافظہ اس غرض کے لیے خاص طور پر ترقی یافتہ تھا۔بہر حال عرب کی قبل از اسلام تاریخ کے لئے عربوں کی زبانی روایات جو بعد میں تحریری طور پر بھی ضبط میں آ گئیں ، سب سے بڑا ماخذ ہیں۔اور چونکہ ان کی مدد کے بغیر قدیم تاریخ عرب کا ڈھانچہ تیار نہیں کیا جا سکتا، اس لیے کوئی مورخ انہیں نظر انداز نہیں کرسکتا۔ان روایات کا تحریری ضبط بعد کی کئی کتابوں میں موجود ہے، مگر سب سے زیادہ مکمل صورت میں مشہور اسلامی مؤرخ ابو جعفر محمد ابن جریر طبری کی تاریخ میں پایا جاتا ہے جس میں اس منتشر مواد کے بیشتر حصہ کو ایک مربوط صورت میں ایک جگہ جمع کر دیا گیا ہے اور بعد کی اکثر کتا ہیں کم و بیش اسی مجموعہ کی خوشہ چین ہیں۔اسلام کی آمد سے عرب کی تاریخ میں ایک بالکل نئے باب کا آغاز ہوا۔محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی آواز نے عرب کی سوئی ہوئی طاقتوں کو اس طرح بیدار کر دیا تھا، جیسے ایک گہری نیند سو یا ہوا شخص کسی اچانک شور سے چونک کر بیدار ہو جائے۔اور اس وقت سے عرب کی تاریخ میں بھی ایک انقلابی صورت پیدا ہوگئی۔جیسے کہ ایک تاریکی میں چھپی ہوئی چیز یک لخت سورج کی تیز روشنی کے سامنے آ جائے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت و سوانح اور آغاز اسلام کی تاریخ کے متعلق اس قدر مضبوط تاریخی مواد موجود ہے ل : كتاب الشعرو الشعراء لابن قتيبه ۲ : ۲۲۴ ھ تا ۳۱۰ھ