سیرۃ خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم — Page 742
۷۴۲ اختیار کر لیا مگر ہم نے اپنی طرف سے سب کے ساتھ ایک سا سلوک کیا کیونکہ دنیا کی ایک قوم بھی ایسی نہیں جس کی طرف ہم نے کوئی نصیحت کرنے والا بھیج کر اس کے لئے ہدایت کا سامان نہ پیدا کیا ہو۔اس آیت کریمہ کے ماتحت ایک مسلمان کے لئے دنیا کی ہر قوم کا مذہبی بانی ایک مقدس ہستی بن جاتا ہے اور وہ اس بات پر مجبور ہو جاتا ہے کہ ہر قوم کے مذہبی پیشوا کو خدا کے ایک نبی اور رسول کی حیثیت میں قبول کرے۔اس کے لئے ہندوؤں کے کرشن ، بدھ مذہب والوں کے گوتم بدھ، چینیوں کے کنٹوشس، پارسیوں کے زرتشت، یہودیوں کے موسیٰ اور عیسائیوں کے مسیح علیہم السلام سب ایک ہی واحد آسمانی خدا کے مقدس پیغامبر ہیں جن کے ذریعہ سے دنیا نے اپنے اپنے وقت میں ہدایت کا نور پایا۔اس مبارک تعلیم کے ماتحت آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کو دوسری اقوام کے مذہبی پیشواؤں کی عزت کا اس قدر خیال تھا کہ ایک دفعہ جب ایک صحابی نے کسی یہودی کے سامنے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی حضرت موسیٰ پر ایسے رنگ میں فضیلت بیان کی جس سے اس یہودی کے دل کو صدمہ پہنچا تو آپ نے اس صحابی کو علامت فرمائی اور فرمایا کہ تمہارا یہ کام نہیں کہ خدا کے نبیوں میں اس طرح بعض کو بعض سے افضل بیان کرتے پھرو اور پھر آپ نے حضرت موسیٰ کی ایک جزوی فضیلت بیان کر کے اس یہودی کی دلداری فرمائی یا ایک دوسرے موقع پر جبکہ آپ طائف سے مکہ کو واپس آرہے تھے آپ کو ایک عد اس نامی شخص ملا جس نے آپ سے ذکر کیا کہ میں نینوا کا رہنے والا ہوں۔آپ نے بے ساختہ فرمایا ”نینوا ! یونس بن متی کا شہر ! یونس میرے بھائی تھے۔میں اسی خدا کا رسول ہوں جس نے یونس کو مبعوث کیا تھا۔“ یہ ذہنیت کیسی مبارک ،کیسی دلکش اور اخوت اور امن کے جذبات سے کیسی معمور ہے !مگر افسوس کہ دنیا نے اس کی قدر نہیں کی۔یہ اس ضابطہ اخلاق کا مختصر نقشہ ہے جو غیر قوموں کے ساتھ تعلقات رکھنے کے متعلق مقدس بانی اسلام نے پیش کیا اور جس پر آپ کے صحابہ اور آپ کے خلفاء نے عملاً کار بند ہوکر یہ بتادیا کہ یہ تعلیم صرف کاغذوں کی زینت یا منبروں کی سجاوٹ نہیں بلکہ سیاست اسلامی کا ایک ضروری اور عملی حصہ ہے جس کے بغیر کوئی حکومت جو اسلام کی طرف منسوب ہوتی ہے صحیح معنوں میں اسلامی حکومت نہیں کہلا سکتی۔اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ وَّبَارِكْ وَسَلِّمُ اس جگہ سیرۃ خاتم النبیین کا حصہ دوم ختم ہوا ) ل : بخاری کتاب بدء الخلق باب قول الله تعالٰى وَإِنَّ يُوْنَسَ لَمِنَ الْمُرْسَلِينَ : سیرۃ ابن ہشام جلد اصفحہ ۱۴۷