سیرت طیبہ محبوب کبریا ﷺ

by Other Authors

Page 83 of 99

سیرت طیبہ محبوب کبریا ﷺ — Page 83

وآلہ وسلم کے پاس سفارش لے کر آگئی تو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا ”میں نے تمہارا بہت انتظار کیا آخر تنگ آکر مال تقسیم کر دیا اب تم خود ہی پسند کر لو آیا میں مال واپس لے کر تم کو دوں یا قیدی چاہئیں“۔اُس نے قوم سے مشورہ کر کے جواب دیا کہ ہمیں قیدی چاہئیں۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے لشکر اسلام کے سامنے یہ معاملہ رکھا اُنہوں نے کہا یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہم خوشی سے اپنے اپنے قیدی آزاد کرنے کے لئے تیار ہیں۔چنانچہ اسی وقت قبیلہ ہوازن کے چھ ہزار قیدی رہا کر دیئے گئے۔(سیرة الحلبیہ جلد ۳ بحوالہ تخلیق الاول از حفیظ الرحمن صفحه ۱۶-۱۷) حضرت ابو ہریرہ بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کی کہ لوگوں میں سے میرے حسن سلوک کا کون زیادہ مستحق ہے آپ نے فرمایا تیری ماں پھر اُسنے پوچھا پھر کون؟ آپ نے فرمایا ” تیری ماں اس نے پوچھا پھر کون؟ آپ نے فرمایا ” تیری ماں“ اس نے چوتھی بار پوچھا پھر کون؟ آپ نے فرمایا ”ماں کے بعد تیرا باپ تیرے حسن سلوک کا زیادہ مستحق ہے پھر درجہ بدرجہ قریبی رشتہ دار۔( بخاری کتاب الادب بحوالہ حدیقۃ الصالحین نیا ایڈیشن صفحہ ۳۴۶،۳۴۵) ه-عورتوں سے حسن سلوک عورتوں کے حقوق ادا کرنے اور اُن سے حسن سلوک کرنے کے بارے میں دنیا کے عظیم المرتبت انسان رحمة للعلمين حبیب خدا، خاتم الانبیاء، سرور کائنات ، فخر موجودات حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے احسانات عظیمہ کا تذکرہ کرنے کے لئے دفتر درکار ہیں۔قرآن پاک کے متبرک اوراق اور احادیث مبارکہ ان مضامین پر شرح وبسط سے روشنی ڈالتے ہیں۔آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے صنف نازک سے انتہائی پیار و محبت ، مروت اور احسان کی پیاری تعلیم دی آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ہر انسان کو یاد کرایا کہ وہ عورت کے پیٹ سے ہی پیدا ہوتا ہے اور خدا تعالیٰ کی مخلوق ہونے کے لحاظ سے عورت اور مرد میں کوئی فرق نہیں دونوں ہی جنس واحد کی پیداوار ہیں 83