سیر روحانی

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 62 of 900

سیر روحانی — Page 62

۶۲ لیکن وہ یہ نہیں سوچتے کہ وہ کتنی عظیم الشان طاقتوں کا مالک خدا ہے جس نے اس جنتر منتر سے کروڑوں درجے بڑا ایک اور جنتر منتر بنایا اور نہ صرف اس نے اتنا بڑا نقشہ بنایا بلکہ اس نقشہ کا دیکھنا بھی ممکن کر دیا کیونکہ قرآن کریم میں اصل نقشہ کی سیر کا بھی امکان پیدا کیا گیا ہے میں نے اس غرض کے لئے سورہ انعام کو دیکھا تو وہاں یہ لکھا ہوا پایا۔وَكَذَلِكَ نُرِى إِبْرَاهِيمَ مَلَكُوتَ السَّمواتِ وَالْاَرْضِ وَلِيَكُونَ مِنَ الْمُوْقِنِينَ ٥٨ کہ اسی طرح ہم نے ابراہیم کو زمین و آسمان کے اسرار کھول کر دکھائے تا کہ وہ علم میں ترقی کرے اور ہماری قدرتوں پر یقین لائے۔یہاں اللہ تعالیٰ نے یہ امر کھول کر بیان کر دیا ہے کہ میں نے ابراہیم کو اصل جنتر منتر کی سیر کرا دی اور زمین و آسمان کا نقشہ اسے دکھا دیا۔پھر یہیں پر بس نہیں بلکہ قرآن کریم کی امداد کے ذریعہ ان جنتروں منتروں پر انسان كُليةً حاوی ہو جاتا ہے اور کوئی چیز اس کے احاطہ اقتدار سے باہر نہیں رہتی چنانچہ فرماتا ہے دَنَا فَتَدَلَّى فَكَانَ قَابَ قَوْسَيْنِ اَوْ اَدْنی ۵۹ کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو خدا تعالیٰ نے اپنی طرف اُٹھایا اور سورج چاند ستاروں سب کی سیر کراتا ہوا آپ کو اتنا قریب لے گیا کہ کوئی فاصلہ درمیان میں رہا ہی نہ۔پس میں نے دیکھا کہ وہ باتیں جن کی تلاش میں لوگ سالوں سر گردان رہتے ہیں اور پھر بھی ناکام و نامراد رہتے ہیں وہ قرآن کریم کی اتباع میں ایسی آسانی سے حاصل ہو جاتی ہیں کہ نہ صرف اپنی خواہشات کو انسان پورا ہوتا دیکھ لیتا ہے بلکہ اور بھی ہزاروں قسم کے علوم اُسے حاصل ہو جاتے ہیں مگر آہ ! لوگ معمولی اینٹوں کے بنائے ہوئے جنتر منتر کی تو قدر کرتے ہیں مگر وہ اس جنتر منتر کی طرف آنکھ اُٹھا کر بھی نہیں دیکھتے جو ان کو ہزاروں فوائد سے متمتع کر سکتا ہے۔پھر میں نے کہا قرآنی رصد گاہ میں ستاروں کے بداثرات سے بچنے کا علاج لوگ رصد گاہیں اس لئے بناتے ہیں کہ وہ ستاروں کے بداثرات کا علم حاصل کر کے ان سے بچ سکیں مگر قرآنی رصد گاہ میں بھی ستاروں کے بداثرات سے بچنے کا کوئی علاج ہے یا نہیں۔میں نے جب دیکھا تو قرآن میں مجھے اس کا بھی علاج نظر آ گیا ، آخر لوگ ستاروں کے بداثرات سے بچنے کی کیوں کوشش کرتے ہیں اسی لئے کہ کہیں ان پر کوئی تباہی نہ آ جائے۔اب آؤ ہم دیکھیں کہ کیا تباہیوں سے بچنے کا قرآن کریم نے بھی کوئی علاج بتایا ہے یا نہیں ؟ اس مقصد کیلئے جب ہم قرآن کریم پر غور کرتے ہیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ یہ گر بھی قرآن کریم میں بیان ہے چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتا