سفر یورپ 1924ء

by Other Authors

Page 305 of 525

سفر یورپ 1924ء — Page 305

۳۰۵ بسم الله الرحمن الرحيم نحمده و نصلی علی رسوله الكريم از مقام لنڈن : مورخه ۲۶ ستمبر ۱۹۲۴ء (ب) السلام عليكم ورحمة الله وبركاته کل کی ڈاک سے گزشتہ ہفتہ کی مفصل رپورٹ ارسال کر چکا ہوں۔پچھلے پہر کی کارروائی اور حافظ صاحب کے لیکچر کی رپورٹ آج صبح ہوائی ڈاک کے ذریعہ سے بھیجنے کی کوشش کی مگر پوسٹ آفس سے واپس آگئی کہ ہوائی جہاز کا کوئی کنکشن مارسلیز کے ساتھ نہیں ہے فرانس کے ساتھ ہے مگر وہاں سے ہندوستانی ڈاک راتوں رات نکل گئی تھی۔وہ کارروائی بھی اب اس رپورٹ کے ساتھ آئندہ ہفتہ کی ڈاک سے جاسکے گی۔اس لفافہ پر میں نے نمبر (۱) لگا دیا ہے۔اس کو ترتیب میں پہلے رکھا جاوے اور اس رپورٹ کو اس کے بعد۔آج صبح سے حضور مضمون لکھتے رہے۔کھانا جلدی تناول فرما کر لیکچر ہال میں تشریف لے گئے جہاں کسی اخبار کے رپورٹر نے حضور کا مع خدام فوٹو لیا جو وہ حضور کی تقریر کے ذکر کے ساتھ اپنے اخبار میں شائع کرنا چاہتا ہے۔( حافظ روشن علی صاحب کا بھی ایک فوٹو الگ لیا گیا ) وہاں سے فارغ ہو کر حضور مکان پر واپس تشریف لائے اور نماز جمعہ پڑھائی۔خطبہ کا خلاصہ میں نے بھی لکھنے کی کوشش کی ہے-وهو هذا- فرمایا ہمارے سفر کی جو اصل غرض تھی وہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ایک حد تک پوری ہونی شروع ہوگئی ہے اور جو ضمنی غرض تھی وہ بھی اس کے احسان سے کامیابی کے ساتھ پوری ہو چکی ہے۔مجھے اللہ تعالیٰ نے قبل از وقت بعض رؤیا اور الہامات کے ذریعہ سے خبر دی تھی کہ یورپ میں ترقی ( دین حق ) میرے یہاں آنے کے ساتھ وابستہ ہے۔مثلاً میرا وہ رؤیا جس میں ولیم دی کونکر ر کا الہام ہے اور اس کے سوا اور بھی بعض اسی قسم کے مبشرات ہیں جو صراحت سے میرے خیال کی تائید کرتے ہیں مگر بائیں میں نے اس سفر کے اختیار کرنے میں بہت احتیاط کی۔دعاؤں اور مشوروں اور استخاروں کے بعد جب اللہ تعالیٰ نے انشراح بخشا تب قدم اٹھایا اور مناسب