سبیل الرّشاد (جلد چہارم)

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 156 of 445

سبیل الرّشاد (جلد چہارم) — Page 156

سبیل الرشاد جلد چہارم 156 اُن کا وعظ اباحت پھیلانے والا ہو جاتا ہے کیونکہ سننے والے جب دیکھتے ہیں کہ وعظ کہنے والا خود عمل نہیں کرتا تو وہ اُن باتوں کو بالکل خیالی سمجھتے ہیں۔" ( ملفوظات جلد: 3۔صفحہ: 369-370) پس سب سے اول آپ کی عملی حالت کی درستی ہے۔آپ کے نیک نمونہ کو دیکھ کر آپ کے بچے بھی نیکیوں میں آگے بڑھیں گے۔تربیت کے لئے ایک اور اہم ذریعہ نماز با جماعت کی ادائیگی ہے جس کی طرف بچپن سے ہی توجہ دلانی چاہئے۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ سات سال کی عمر سے بچوں کو نماز کی تلقین کی جائے اور دس سال کی عمر میں انہیں سختی سے نماز کا پابند بنایا جائے لیکن یہ اس وقت ہو نہیں سکتا جب تک آپ خود پنجوقتہ نمازوں کی ادائیگی کے پابند نہیں ہو جاتے۔اس لئے پانچوں وقت کی نماز مسجد جا کر با جماعت ادا کرنے کی کوشش کیا کریں اور اگر بامر مجبوری مسجد نہ جاسکتے ہوں تو گھر میں اس کا اہتمام کیا کریں۔اگر آپ خود نمازوں کے پابند ہوں گے تو آپ کے بچے بھی نمازوں کے عادی ہو جائیں گے اور آہستہ آہستہ ان کو نمازوں میں لذت بھی آنے لگے گی اور وہ معاشرے کی برائیوں سے بھی محفوظ رہیں گے کیونکہ خدا تعالیٰ خود فرماتا ہے: إِنَّ الصَّلوةَ تَنْهَى عَنِ الْفَحْشَاءِ وَالْمُنْكَرِ (العنكبوت: 46) نماز برائیوں اور نا پسندیدہ باتوں سے روکنے کا موجب ہے۔پس اگر آپ اپنی اولادوں کی تربیت کرنا چاہتے ہیں اور انہیں مغربی معاشرہ کی برائیوں سے بچانا چاہتے ہیں تو نمازوں پر مداومت اختیار کریں۔اولاد کی تربیت کیلئے یہ بھی ضروری ہے کہ ان کو قرآن کریم سکھایا جائے اور قرآن کریم ناظرہ پڑھانے کے بعد اس کا ترجمہ بھی سکھانے کا انتظام کیا جائے تا کہ ان کو اسلامی تعلیمات کا علم ہو۔پھر ان کو قرآن کریم کی با قاعدہ تلاوت کی عادت ڈالیں۔ہر گھر میں روزانہ تلاوت قرآن کریم ہونی چاہئے اس سے آپ کے گھر برکتوں سے بھر جائیں گے۔الْخَيْرُ كُلُّهُ فِي الْقُرْآنِ تمام قسم کی بھلائیاں قرآن کریم میں ہیں۔بس آپ خود بھی قرآن کریم سیکھیں اور اپنے بچوں کو بھی سکھائیں۔یہ وہ امور ہیں جن کی طرف میں پہلے بھی بار بار توجہ دلا چکا ہوں لیکن ”ذکر“ کے تحت دوبارہ آپ کی اُن کی طرف توجہ مبذول کروارہا ہوں کیونکہ یہی وہ امور ہیں جو آپ کی اور آپ کی اولادوں کی روحانی حفاظت کی ضمانت ہیں۔یہ وہ قلعے ہیں جن کے اندر رہ کر شیطان کے حملوں سے بچ سکتے ہو۔پھر ایک اہم چیز جو اپنے بچوں میں بچپن سے پیدا کرنے کی ضرورت ہے وہ سچائی ہے۔اس کے لئے بھی آپ کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔مذاق میں بھی اپنے بچوں کے ساتھ یا روز مرہ کی زندگی میں جھوٹ نہ بولیں کیونکہ اگر آپ ایسا کریں گے تو آپ کے بچے بھی جھوٹ کے عادی ہو جائیں گے۔یہ مغربی معاشرہ تو ہے ہی جھوٹ اور دجل۔آنحضرت صلی