تریاق القلوب

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 417 of 769

تریاق القلوب — Page 417

روحانی خزائن جلد ۱۵ ۴۱۷ تریاق القلوب بذریعہ خط اس کشف سے اطلاع دے دی گئی تھی جو اب تک بفضلہ تعالیٰ زندہ موجود ہیں اور خدا تعالیٰ کی قسم کھا کر اس تمام بیان کی تصدیق کر سکتے ہیں ۔ اب سوچنا چاہئے کہ غیب کا وسیع علم غیر کو ہرگز دیا نہیں جاتا اور گوممکن ہے کہ غیر کو بھی جس کے تعلقات خدا تعالیٰ سے محکم نہیں ہیں کبھی سچی خواب آجائے یا سچا کشف ہو جائے لیکن ولایت اور قبولیت کی علامات میں لازمی طور پر یہ شرط ہے کہ اُمور غیبیہ اور پوشیدہ باتیں اس قدر ظاہر ہوں کہ وہ اپنی کثرت میں دنیا کے تمام لوگوں سے بڑھے ہوئے ہوں اور اس کثرت سے ہوں کہ کوئی بھی اُن کا مقابلہ نہ کر سکے۔ یہ بات یادرکھنے کے لائق ہے کہ جبکہ خدا تعالیٰ اپنے فضل عظیم اور کرم عمیم سے کسی شخص کو اپنی خلعت ولایت اور رتبہ کرامت سے مشرف اور سرفراز فرماتا ہے تو چار چیزوں میں اُس کو جمیع اس کے ابناء جنس اور تمام ہم عصر لوگوں سے امتیاز کلی بخشتا ہے اور ہر ایک شخص جو وہ امتیاز اُس کے شامل حال ہوتی ہے اُس کی نسبت قطعی اور یقینی طور پر ایمان رکھنا لازم ہو جاتا ہے کہ وہ خدا تعالیٰ کے اُن کامل بندوں اور اعلیٰ درجہ کے اولیاء میں سے ہے جن کو اُس نے اپنے ہاتھ سے چنا ہے اور اپنی نظر خاص سے اُن کی تربیت فرمائی ہے اور وہ چار چیزیں جو کامل اولیاء اور مردان خدا کی نشانی ہے چار کمال ہیں جو بطور نشان اور خارق عادت کے اُن میں پیدا ہوتے ہیں اور ہر ایک کمال میں وہ دوسروں سے بین اور صریح طور پر ممتاز ہوتے ہیں بلکہ وہ چاروں کمال معجزہ کی حد تک پہنچے ہوئے ہوتے ہیں اور ایسا آدمی کبریت احمر کا حکم رکھتا ہے اور اس مرتبہ پر وہی شخص پہنچتا ہے جس کو عنایت ازلی نے قدیم سے دنیا کو فائدہ پہنچانے کے لئے منتخب کیا ہو ۔ اور وہ چار کمال جو بطور چار نشان یا چار معجزہ کے ہیں جو ولی اعظم اور قطب الاقطاب اور سید الاولیاء کی نشانی ہے