تریاق القلوب

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 355 of 769

تریاق القلوب — Page 355

روحانی خزائن جلد ۱۵ ۳۵۵ تریاق القلوب بغیر اس کے کہ اُن کو کوئی علم دیا جاتا یوں ہی اپنے بے اصل خیالات کی پیروی سے خدا تعالیٰ کے لئے بیٹے اور بیٹیاں بنا رکھی ہیں۔ اُن کو کہہ دے کہ وہ سچا خدا ایک خدا ہے جو کسی کا باپ نہیں اور نہ کسی کا بیٹا اور نہ اُس کا کوئی ہم جنس ہے اور وہ وقت آتا ہے کہ یہ لوگ یعنی عیسائی پادری تیری تکذیب کے لئے کچھ مکر کریں گے یعنی کچھ ایسی کارروائی کریں گے جس سے اُن کا یہ مقصود ہو گا کہ کسی طرح تجھ کو ذلت پہنچے اور تو حکام اور خلق اللہ کی نظر میں مورد اعتراض ٹھہرے اور یا تیری آبرو اور زندگی خطرہ میں پڑے تب اُن کے مکروں کے مقابل پر خدا بھی ایک مکر کرے گا یعنی یہ کہ اُن کے بداندیشی کے منصوبوں کو باطل کر دے گا۔ یعنی اُن منصوبوں میں جو تیری عزت اور جان کو خطرہ میں ڈالنے کے لئے کئے جائیں گے اُن میں یہ لوگ ناکام رہیں گے اور خدا ان کی تمام مخالفانہ تدبیروں کو تباہ اور بے اثر کر دے گا ۔ یہ وہ دن ہوں گے جبکہ یہ لوگ تیرے لئے ایک بڑا فتنہ برپا کریں گے یعنی بعض جھوٹے واقعات بنا کر تجھے بد نام کرنا چاہیں گے اور نیز تیرے پر جھوٹے الزام لگا کر عدالتوں میں تجھے کھینچیں گے تا تجھے قید کیا جائے یا سزائے موت ملے ۔ اور وہ یہودی طبع مسلمان ان کے ممد و معاون ہو جائیں گے ۔ پس جب تو ایسا وقت دیکھے کہ تیری ایذا اور ذلیل کرنے کے لئے ان لوگوں نے اتفاق کر لیا ہے اور نہ صرف تیری تکذیب بلکہ تیری جان اور عزت پر بھی حملہ کرنا چاہتے ہیں اور جھوٹے الزام لگا کر حکام تک تجھے کھینچتے ہیں اور بعض مدعی اور بعض اُن کے گواہ ہیں اور بعض مفتری اور بعض اُن کے مصدق ہیں تو تجھے لازم ہے کہ اُس وقت تو صبر کرے جیسا کہ خدا تعالیٰ کے اولوالعزم نبیوں نے صبر کیا اور تجھے لازم ہے کہ اُس وقت تو یہ دعا کرے کہ یا الہی تو میر ا صدق ظاہر کر