تریاق القلوب

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 141 of 769

تریاق القلوب — Page 141

روحانی خزائن جلد ۱۵ ۱۴۱ تریاق القلوب طالب حق ہے یا ہندوؤں اور آریوں میں سے سچائی کا متلاشی ہے تو میدان میں نکلے ۔ اور اگر اپنے مذہب کو سچا سمجھتا ہے تو بالمقابل نشان دکھلانے کے لئے کھڑا ہو جائے لیکن میں پیشگوئی کرتا ہوں کہ ہرگز ایسا نہ ہوگا بلکہ بدنیتی سے پیچ در پیچ شرطیں لگا کر بات کو ٹال دیں گے کیونکہ ان کا مذہب مُردہ ہے اور کوئی ان کے لئے زندہ فیض رسان موجود نہیں جس سے وہ روحانی فیض یا سکیں اور نشانوں کے ساتھ چمکتی ہوئی زندگی حاصل کر سکیں۔ اے تمام وہ لوگو جو زمین پر رہتے ہو! اور اے تمام وہ انسانی روحو جو مشرق اور مغرب میں آباد ہو! میں پورے زور کے ساتھ آپ کو اس طرف دعوت کرتا ہوں کہ اب زمین پر سچا مذہب صرف اسلام ہے اور سچا خدا بھی وہی خدا ہے جو قرآن نے بیان کیا ہے۔ اور ہمیشہ کی روحانی زندگی والا نبی اور جلال اور تقدس کے تخت پر بیٹھنے والا حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم ہے جس کی روحانی زندگی اور پاک جلال کا ہمیں یہ ثبوت ملا ہے کہ اس کی پیروی اور محبت سے ہم روح القدس اور خدا کے مکالمہ اور آسمانی نشانوں کے انعام پاتے ہیں۔ گو ہم اس بات پر ایمان رکھتے ہیں کہ حضرت مسیح اور حضرت موسیٰ اور دوسرے اسرائیلی نبی بھی خدا کی طرف سے ہیں لیکن اُن کی سچائی پر ہمارے پاس بجز اس کے اور کوئی دلیل نہیں ہے کہ قرآن شریف نے اُن کو نبی مان لیا ہے۔ اُن کی روحانی زندگی بدیہی نشانوں کے ساتھ ثابت نہیں ہے اور اس کا یہ سبب ہے کہ وہ مذہب اور وہ کتابیں بباعث تحریف کے خراب ہو چکی ہیں۔ اس لئے ان نبیوں کی بچی پیروی کی کوئی راہ باقی نہیں رہی تا اس سے ان کی روحانی زندگی کا ثبوت مل سکتا۔ اور عیسائی جس دین کو پیش کرتے ہیں وہ حضرت عیسی علیہ السلام کا دین نہیں ہے بلکہ یہ پادریوں کی اپنی طبیعت کی ایجاد ہے ۔ بہت سی انجیلوں میں سے یہ چار انجیلیں انتخاب کی گئی ہیں جن کو بعض یونانیوں نے حضرت مسیح سے بہت پیچھے بنا کر حضرت مسیح کی طرف منسوب کر دیا اور کوئی عبرانی انجیل عیسائیوں کے پاس موجود نہیں ہے اور ناحق افترا کے طور پر حضرت مسیح کو ایک یونانی آدمی تصور کر لیا ہے