سراج الدین عیسائی کے چار سوالوں کا جواب — Page 329
روحانی خزائن جلد ۱۲ ۳۲۷ سراج الدین عیسائی کے چار سوالوں کا جواب بِسمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَنُصَلَّى ایک صاحب سراج الدین نام عیسائی نے لاہور سے چارسوال بغرض طلب جواب میری طرف بھیجے ہیں۔ میں مناسب سمجھتا ہوں کہ فائدہ عام کے لئے ان کا جواب لکھ کر شائع کر دوں لہذا ہر چہار سوال معہ جواب ذیل میں لکھے جاتے ہیں۔ سوال ۔ ۔ عیسائی عقائد کے مطابق مسیح کا مشن اس دنیا میں بنی نوع انسان کی محبت کے لئے آنا اور نوع انسان کی خاطر اپنے تئیں قربان کر دینا تھا۔ کیا بانی اسلام کا مشن ان دونوں معنوں میں ظاہر ہو سکتا ہے یا نہیں ؟ ۔ یا محبت اور قربانی کے علاوہ کسی اور بہتر الفاظ میں اس مشن کو ظاہر کر سکتے ہیں؟ الجواب ۔ واضح ہو کہ اس سوال سے اصل مطلب سائل کا یہ معلوم ہوتا ہے کہ جس طرح عیسائیوں کے خیال کے موافق دنیا میں یسوع مسیح اس لئے آیا تھا۔ کہ گنہگاروں سے محبت کر کے ان کے گناہوں کی لعنت اپنے سر پر لیوے اور پھر ان ہی گنا ہوں کی وجہ سے مارا جائے ۔ کیا اس لعنتی قربانی کا کوئی نمونہ گنہگاروں کی نجات کے لئے قرآن بھی پیش کرتا ہے یا نہیں ؟ اور اگر نہیں پیش کرتا تو کیا اس سے کوئی بہتر طریق انسانوں کی نجات کے لئے قرآن نے پیش کیا ہے؟ سواس کے جواب میں میاں سراج الدین صاحب کو معلوم ہو کہ قرآن کوئی لعنتی قربانی پیش