اَلْحق مباحثہ لدھیانہ — Page xix
نحمدہ و نصلی علی رسولہ الکریم تعارف (از حضرت مولانا جلال الدین صاحب شمس) روحانی خزائن کی یہ جلد چہارم ہے جو ’’الحق مباحثہ لدھیانہ‘‘ اور الحق مباحثہ دہلی‘‘ اور’’ آسمانی فیصلہ‘‘ اور ’’نشان آسمانی‘‘ اور ’’ ایک عیسائی کے تین سوال اور ان کے جوابات‘‘ پر مشتمل ہے۔مباحثہ لدھیانہ جولائی ۱۸۹۱ء میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور ابو سعید مولوی محمد حسین بٹالوی کے اور مباحثہ دہلی اکتوبر ۱۸۹۱ء میں حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اور مولوی محمد بشیر صاحب سہسوانی ثم بھوپالی کے مابین ہوا۔ماہ نومبر ۱۸۹۱ء میں جناب مولوی محمد احسن صاحب امروہی اور مولوی محمد بشیر صاحب بھوپالی کے مابین اس مباحثہ سے متعلق جو تحریری مراسلت ہوئی اور الحق میں طبع شدہ ہے۔وہ ہم نے بھی اس کے موضوعِ مباحثہ سے شدید مناسبت رکھنے اور اس غرض سے کہ تا اُس زمانہ کے مولویوں کی طرز مناظرہ اور اُن کی علومِ رسمیہ سے وابستگی اور علمِ قرآن سے بیگانگی اور بے رغبتی کا قارئین پوری طرح اندازہ کر سکیں اصل مباحثہ کے ساتھ شائع کر دی ہے۔تیسری کتاب رسالہ ’’آسمانی فیصلہ‘‘ ہے جو جنوری ۱۸۹۲ء میں شائع ہوئی۔چوتھی ’’نشان آسمانی‘‘ ہے جو حضرت اقدس علیہ الصلوٰۃ والسلام نے مئی ۱۸۹۲ء میں تحریر فرمائی اور جون ۱۸۹۲ء میں شائع ہوئی۔پانچویں کتاب ’’ایک عیسائی کے تین سوال اور ان کے جوابات‘‘ ہے۔جو مئی یا جون ۱۸۸۹ ء کی ہے۔مناظرات و مباحثات مناظرات و مباحثات اگر خلوص نیّت سے اور نفسانی جذبات سے علیحدہ ہو کر اور فتح و شکست کے