راہِ ایمان — Page 113
113 پندرھواں سبق اسلام کی کامیابی کی خوشخبری حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو اللہ تعالیٰ نے ایسے زمانہ میں بھیجا جبکہ اسلام پر حملے ہو رہے تھے۔سب مذاہب اسلام کو مٹانے کا تہیہ کر چکے تھے۔وہی مسلمان جو کسی زمانہ میں بہت شان و شوکت دیکھ چکے تھے ہر جگہ شکست کھاتے ہوئے نظر آتے تھے۔یہی وجہ ہے کہ مسلمانوں میں بہت ہی مایوسی اور بد دلی پیدا ہو چکی تھی۔ایسے نازک زمانہ میں خد اتعالیٰ نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو بھیجا۔آپ نے دنیا میں آکر اسلام کے تمام مخالفوں پر دلائل اور معجزات کے ذریعہ اسلام کی سچائی ظاہر کی۔اُن کے اعتراضوں کے جواب دیئے۔اور ان کو للکارا کہ آؤ اور اسلام کے مقابل پر اپنے مذہبوں کی صداقت ثابت کرو۔آپ نے اس وقت ہزاروں روپے کے انعام مقرر کئے۔اور اعلان کیا کہ جو شخص اسلام کی سچائی کے دلائل کو توڑے گا اُسے میں یہ انعام پیش کروں گا لیکن بار بار چیلنج دینے کے باوجود کوئی بھی مقابلے پر نہ آیا۔ایک طرف تو حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے اسلام کے مخالفوں کا مقابلہ کیا اور دوسری طرف آپ نے مسلمانوں کی مایوسی کو دور فرمایا۔اور خُد اتعالیٰ کے حکم سے خوشخبری دی کہ :۔اسلام کی سلطنت کو اِن چڑھائیوں سے کچھ بھی اندیشہ نہیں ہے۔اس کے اقبال کے دن نزدیک ہیں۔اور میں دیکھتا ہوں کہ آسمان پر اس کی فتح کے نشان نمودار ہیں“ ( آئینہ کمالات اسلام )