تفسیر کبیر (جلد ۹) — Page 412
ہوجائے گا کہ مسلمان کس کی تائید میں ہیں۔جماعت کے دوست گھبرائے ہوئے میرے پاس آئے۔اور انہوں نے کہا۔لوگوں پر بہت برا اثر ہوا ہے اور وہ اِس وقت سخت جوش میں ہیں۔شام کو میری تقریر تھی۔میں نے کہا۔مولوی ثناء اللہ صاحب نے خود فیصلہ کردیا ہے کہ سچا کون ہے۔صرف فرق یہ ہے کہ انہوں نے نتیجہ ازخود نکال لیا ہے ورنہ اگر نتیجہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ سے نکلا ہوا ہے توپھر ہمارے لئے اچھا ہے۔میں نے کہا۔مولوی ثناء اللہ صاحب نے کہا ہے کہ مرزا محمود احمد میرے ساتھ کلکتہ تک چلیں ہم دیکھیں گے کہ راستہ میں پھول کس پر برستے ہیں اور پتھر کس پر پھینکے جاتے ہیں اور اس سے مولوی صاحب نے یہ نتیجہ نکالا ہے کہ جس پر پھُول پڑیں گے وہ سچا ہوگا۔حالانکہ نتیجہ نکالنا ان کا کام نہیں تھا ہم سے پہلے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور ابوجہل گزرچکے ہیں۔مولوی صاحب خود بتادیں کہ مکہ میں پتھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو پڑا کرتے تھے یا ابو جہل کو۔اور پھول ابوجہل کو پڑ اکرتے تھے یا رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو۔اور اگر پتھررسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کو پڑا کرتے تھے اور پھول ابوجہل پر برسائے جاتے تھے تو نتیجہ ظاہر ہے کہ جس پر پتھر پڑیں گے وہ سچا ہوگا اور جس پر پھول برسائے جائیں گے وہ جھوٹا ہوگا۔غرض کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ اکثریت ان لوگوں کی ہوتی ہے جو دین سے بے بہرہ ہوتے ہیں اور اس وجہ سے وہ ہر قسم کے مظالم پر کمر بستہ ہوجاتے ہیں۔لیکن جس طرح کثرت دماغ میں غرور پیدا کر کے عقل ماردیتی ہے اسی طرح عشق بھی ایک عاشقِ صاد ق کے اندر کبریائی پیدا کردیتا ہے۔مگر وہ کبریائی کے نشہ میں آکر مارتا نہیں بلکہ مرتا ہے۔چنانچہ دیکھ لو کثر ت والوں نے ہمیشہ تھوڑی تعداد والوں کو اپنے غرور میں آکر مارا ہے لیکن عاشقوںنے ہمیشہ اپنے معشوقوں کے لئے جانیں دی ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام اسی حقیقت کی طرف اپنےاس شعر میں اشارہ فرماتے ہیں کہ ؎ در کوئے تو اگر سرِ عُشاق را زنند اوّل کسے کہ لافِ تعشق زند منم (آئینہ کمالات اسلام ،روحانی خزائن جلد ۵ صفحہ ۶۵۸) یعنی اگر تیرے کوچہ میں جانے والوں کے متعلق یہ حکم ہوجائے کہ ہر شخص جو عاشقی کا دعویٰ کرے گا اُسے قتل کردیا جائے گا تو گو عشق کا دل کے ساتھ تعلق ہوتا ہے اور کوئی شخص دعویٰ کرے یا نہ کرے عاشق عاشق ہی ہوتا ہے۔لیکن اگر یہ اعلان ہوجائے کہ جو بھی عشق کا دعویٰ کرے گا اس کا سر قلم کردیا جائے گا تو سب سے پہلا شخص جو عشق کا