تفسیر کبیر (جلد ۸)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 629 of 723

تفسیر کبیر (جلد ۸) — Page 629

وَ اللّٰهُ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيْمٌؒ۰۰۶۵ اور اللہ( تعالیٰ) ہر ایک چیز کو خوب جانتا ہے۔تفسیر۔فرماتا ہے یہ مت خیال کرو کہ تمہاری ترقیات خدا تعالیٰ کے احکام کو توڑ کر بھی ہو سکتی ہیں۔مان لیا کہ عقلی طور پر دنیا میں ترقی کرنے کے اور بھی ذرائع ہیں لیکن آسمان اور زمین میں جو کچھ ہے وہ خدا ہی کا ہے اگر تم اس کے ہو جائو گے تو وہ زمین و آسمان تمہارے حوالے کر دےگا۔لیکن اگر تم خدائی احکام کی اتباع نہیں کرو گے تو تم خدا کا مقابلہ کر کے کبھی ترقی حاصل نہیں کر سکتے اور یہ مت سمجھو کہ وہ بغیر کسی حکمت کے احکام دے دیتا ہے۔وہ تمہارے حالات کو خوب جانتا ہے اور تمہاری ضروریا ت کو مدنظر رکھ کر ہی احکام نازل کرتا ہے۔پس ان پر عمل کرنے سے تمہیں یقیناً ترقی اور کامیابی حاصل ہو سکتی ہے۔اور اگر تمہیں یہ خیال ہو کہ اگر ہم نے خدائی احکام کو مانا تو ہمیں فلاں فلاں تکلیف پہنچے گی۔ہمارے رشتہ دار ہمارے مخالف ہو جائیں گے۔ہماری ملازمتیں جاتی رہیں گی ہماری تجارتوں کو نقصان ہوگا۔ہماری عزت اور شہرت خطرہ میں پڑ جائےگی تو جب کہ خدا تعالیٰ نے جزاء و سزا کا ایک دن مقرر کیا ہو ا ہے تو تمہیں گھبراہٹ کس بات کی ہے۔اللہ تعالیٰ تمہیں اعلیٰ درجہ کے انعامات سے نواز ےگا اور تمہیں اپنے قرب سے حصہ دےگا۔ہاں اگر نافرمانی کرو گے تو یاد رکھو کہ تم اُس کی سزا سے نہیں بچ سکو گے۔خ خ خ خ