تفسیر کبیر (جلد ۷)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 423 of 658

تفسیر کبیر (جلد ۷) — Page 423

کی لاشوں کی اب ایسی ہی حیثیت رہ گئی ہے جیسے پرانے برتنوں کی ہوتی ہے کہ لوگ انہیں تماشہ کے طورپر عجائب گھروں میں رکھ دیتے ہیں۔انہیں کیا خبر تھی کہ ایک زمانہ میں ہماری لاشوں کےساتھ یہ سلوک ہونے والا ہے۔پس فرماتا ہے تم جو دعوے کرتے ہو کہ ہم تباہ نہیں ہوسکتے۔ہمارے پاس مال ہے اور ہماری نسلیں خوب ترقی کررہی ہیں کیا تمہیں غیب کا علم حاصل ہے۔اَمِ اتَّخَذَ عِنْدَ الرَّحْمٰنِ عَهْدًا یا خدا نے تم سے کوئی عہد کیا ہوا ہے کہ وہ تمہیں ہلاک نہیںکرے گا ،یہی دوباتیں ہی جن پر تم اپنے اس دعویٰ کی بنیاد رکھ سکتے ہو لیکن اگر تمہیں غیب کا علم حاصل نہیں اور خدا نے تمہارے ساتھ کوئی عہد بھی نہیں کیا۔تو صرف اموال اور اولاد کا تمہارے پاس ہونا تمہیں تباہی سے نہیں بچاسکتا کیونکہ دنیوی لحاظ سے بڑی بڑی طاقتیں آج تک تباہ ہوچکی ہیں۔حقیقت یہ ہے کہ غیب کی خبریں یا تو نجومی ، رمال اور ارڑ پوپو وغیرہ بتایا کرتے ہیں اوریا پھر اللہ تعالیٰ کے انبیاء بتایا کرتے ہیں۔یوں تو بعض دفعہ بچے بھی ضد میں آکر کہہ دیتے ہیں کہ ہمیں فلاں چیز کا پتہ ہے۔حالانکہ انہیں پتہ نہیں ہوتا۔مگر بچوں کی بات کی طرف کوئی توجہ نہیں کرتا۔توجہ یا تو نجومیوں اور ارڑپوپوں کی بات کی طرف کی جاتی ہے اور یا پھر اللہ تعالیٰ کے انبیا ء کی طرف کی جاتی ہے۔پس چونکہ انہی دو ذرائع سے لوگ غیب کی خبریں حاصل کیا کرتے ہیں۔اس لئے اس جگہ بھی انہی دونوں باتوں کی طرف اللہ تعالیٰ اشارہ کرتاہے اور فرماتا ہے اَطَّلَعَ الْغَيْبَ کیا تم جو کچھ کہہ رہے ہو یہ نجومیوں اور ارڑ پوپوں کی پیشگوئی ہے۔اَمِ اتَّخَذَ عِنْدَ الرَّحْمٰنِ عَهْدًا یا خدا تعالیٰ کے کسی نبی نے ایسا کہا ہے ؟ كَلَّا١ؕ سَنَكْتُبُ مَا يَقُوْلُ وَ نَمُدُّ لَهٗ مِنَ الْعَذَابِ مَدًّاۙ۰۰۸۰ ایسا ہر گز نہیں ہوگا ہم اس کے اس قول کو محفوظ رکھیں گے اور اس کے عذاب کو لمباکردیںگے۔حلّ لُغَات۔مفردات میں لکھاہے کہ کَلَّا رَدْعٌ وَ زَجْرٌ وَ اِبْطَالٌ لِقَوْلِ الْقَائِلِ کے لئے آتاہے یعنی اس کے معنے دھتکار نے کے بھی ہوتے ہیں۔زجر کے بھی ہوتے ہیں۔اور یہ پہلے قول کو رد کرنے کےلئے بھی آتاہے۔گویا جہاں کَلَّا کالفظ استعمال ہوگا وہاں مراد یہ ہوگی کہ پہلے جوکچھ کہا گیا ہے وہ غلط ہے۔صحیح بات وہ ہے جو ہم آگے بیان کرتے ہیں۔تفسیر۔فرماتا ہے یہ بالکل غلط بات ہے نہ انہیں غیب کا علم حاصل ہے اور نہ خدا نے ان سے کو ئی عہد کیا