تفسیر کبیر (جلد ۷)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 188 of 658

تفسیر کبیر (جلد ۷) — Page 188

بیس سال پہلے پیدا ہو جاتے۔حالانکہ درمیان میں یحییٰ نے بھی آنا تھا اور ان کا آنا مسیح کے لئے ارہاص کے طور پر تھا۔پس اللہ تعالیٰ نے ان کی دعا کو اس رنگ میں قبول کیا کہ بجائے اس کے کہ انہیں وہ بیٹا دیتا جو دین کی خدمت کرتا اس نے انہیں وہ بیٹی دی جس سے آگے چل کر ایک عظیم الشان بیٹا پیدا ہونے والا تھا۔اس طرح دعا بھی قبول ہو گئی اور زمانہ کی اصلاح کے لئے اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو وقت مقدر تھا وہ بھی نہ ٹلا۔غرض خدا تعالیٰ جو حالات سے واقف تھا اگر اسی وقت اس کی دعا سن لیتا تو وہ بچہ اس خدمت کو سر انجام نہیں دے سکتا تھا جو امّ مریم کے ذہن میں تھی۔اس نے پرانی پیشگوئیوں کے مطابق کہ کنواری لڑکا جنے گی جویہود کو نجات دلوائے گا (یسعیاہ باب ۷ آیت ۱۴)اور وہ ایک غیر معمولی فرزند کی ماں ہو گی لڑکے کی بجائے لڑکی دے دی۔اور اس کی ماں کی دعا اس رنگ میں سنی گئی کہ لڑکی سے ایک ایسا فرزند پیدا ہوا جو یہود کی رستگاری کا موجب ہوا۔بہرحال ماں نے جب دیکھا کہ لڑکی ہوئی ہے تو چونکہ نذر مان چکی تھی۔اس نے اسے علماء اور مجاوروں کی تربیت میں دے دیا۔مگر اس لئے نہیں کہ وہ بے بیاہی رہے بلکہ صرف دینی تربیت کے لئے۔کیونکہ ماں دعا کرتی ہے کہ میں اس کے لئے اور اس کی اولاد کے لئے تجھ سے دعا کرتی ہوں کہ وہ شیطان سے محفوظ رہیں(آل عمران: ۳۷)۔اس سے صاف پتہ لگتا ہے کہ انہوں نے اس خیال سے کہ میں چونک دعا کر چکی ہوں اس لئے اگر علماء کے سپرد اسے کیا گیا تو وہ اس کی اچھی تربیت کریں گے اور اسے دین کی باتیں سکھائیں گے اور یہ آگے اپنی اولاد کو سکھائے گی اسے پادریوں اور مجاوروں کے سپرد کر دیا۔ورنہ ان کی خواہش تھی کہ یہ لڑکی شادی کرے اور اس کے بچے پیدا ہوں کیونکہ وہ اس کے لئے اور پھر اس کی اولادکے لئے بھی دعا کرتی ہیں کہ وہ شیطان سے محفوظ رہیں۔معلوم ہوا کہ وہ چاہتی تھیں کہ ان کی بیٹی شادی کرے اور اس کے بچے ہوں۔خدا تعالیٰ نے ماں کی دعا سنی اور مریم پر خاص فضل کیا۔وہ زکریاہ کاہن کی تربیت میں پلی اور دوسرے کاہنوں کی نگرانی میں رہی اور اس کے دل میں دین کی محبت پیدا ہوئی۔چنانچہ بچپن ہی میں وہ اس یقین پر پہنچی کہ جو کچھ ملتا ہے خدا سے ملتا ہے۔اس کے ایک ایسے ہی جواب سے زکریا متاثر ہوئے اور انہوں نے اپنے لئے بھی لڑکے کی دعا کی جس سے یحییٰ پیدا ہوئے اور اس طرح عیسیٰ کی ماں عیسیٰ کے ارہاص والے نبی کے پیدا کرنے میں ممد ہوئی اور اپنے بیٹے کی سخت سے سخت مشکل کے حل کرنے والی بن گئی۔کہ ایلیاہ نبی کی آمد کے بغیر اس کا دعویٰ ثابت نہ ہو سکتا تھا سو یحییٰ ایلیاہ کامثیل بنا اور عیسیٰ کی ماں کی ایک معصوم حرکت سے اس کا وجود ظہور میں آیا۔مریم کی بعد کی زندگی کے حالات انجیل میں یہ لکھے ہیں کہ حمل کے بعد یوسف اسے گھر لے گیا(متی باب ۱ آیت ۲۴)۔