تفسیر کبیر (جلد ۷) — Page 102
کے متعلق تو خدا تعالیٰ کی طاقت تسلیم کرنے کے لئے تیار ہیں اور آدم کی اولاد کے متعلق اس کی طاقت تسلیم کرنے کے لئے تیار نہیں تو یہ خود ایک قابل اعتراض امر ہوگا۔بہرحال اصل سوال صرف اتنا ہے کہ خدا میں نیک اولاد پیدا کرنے کی طاقت ہے یا نہیں؟اگر خدا تعالیٰ میں گنہگار ماں سے نیک اولاد پیدا کرنے کی طاقت ہے تو خدا تعالیٰ میں گنہگار باپ سے بھی نیک اولاد پیدا کرنے کی طاقت ہے اور اگر خدا میں گنہگار باپ سے نیک اولاد پیدا کرنے کی طاقت نہیں تو ہمیں یہ بھی ماننا پڑے گا کہ خدا تعالیٰ میں گنہگار ماں سے بھی نیک اولاد پیدا کرنے کی طاقت نہیں۔بہرحال اگر وہ گنہگار ماں سے نیک اولاد پیدا کر سکتا ہے تو گنہگار باپ سے بھی نیک اولاد پیدا کر سکتا ہے اور وہ گنہگار باپ سے نیک اولاد پیدا نہیں کر سکتا تو گنہگار ماں سے بھی نیک اولاد پیدا نہیں کر سکتا۔غرض مسیح اگر گنہگار ماں کے بطن سے نیک پیدا ہو سکتا ہے تو باقی لوگ بھی نیک پیدا ہو سکتے ہیں بلکہ دوسرے لوگ مسیح سے زیادہ نیک ہو سکتے ہیں۔کیونکہ ان کے اندر باپ اور ماں دونوں کے اثرات ہیں۔میں نے اوپر لاہور کے ایک پادری کا ذکر کیا ہے جو بعد میں سہارنپور مشنری کالج کا پرنسیپل ہو گیا میری اس سے جو گفتگو ہوئی۔اس کا ایک حصہ میں بیان کر چکا ہوں۔اب گفتگو کا دوسرا حصہ بیان کرتا ہوں۔اس پادری کا نام غالباً وڈ تھا۔میں نے اس سے کہا پادری صاحب آپ یہ بتائیں کہ ٹھنڈے پانی اور گرم پانی کو اگر آپس میں ملائیں تو کیا ہو گا۔وہ کہنے لگا پانی سمویا جائے گا۔کچھ گرم پانی کی گرمی کم ہو جائے گی اور کچھ سرد پانی کی سردی کم ہو جائے گی ایک درمیانی سی کیفیت پیدا ہو جائے گی۔میں نے کہا اب یہ بتائیے شیطان پہلے آدم کے پاس گیا تھا یا حوا کے پاس ؟ کہنے لگا حوا کے پاس میں نے کہا شیطان کا مقصود کیا تھا کیا حوا کو بگاڑنا مقصود تھا یا آدم کو بگاڑنا مقصود تھا؟ کہنے لگا شیطان کا مقصود تو آدم کو بگاڑنا تھا۔میں نے کہا جب آدم مقصود تھا تو وہ براہ راست آدم کے پاس کیوں نہیں گیا راستہ میں چکر کاٹنے کی اسے کیا ضرورت تھی؟ اس نے کہا وہ براہ راست آدم کے پاس اس لئے نہیں گیا کہ اس نے سمجھا حوا کمزور ہے اور میں اسے آسانی سے ورغلا لوں گا۔اس کے بعد آدم کو یہ حوا خود بخود ورغلالے گی میری ضرورت نہیںرہے گی۔میں نے کہا تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ حوا آدم سے کمزور تھی کہنے لگا ہاں۔میں نے کہا جب حوا آدم سے کمزور تھی اور گناہ کا ارتکاب پہلے اسی نے کیا اور اسی نے آدم کو ورغلایا تو وہ وجود جو صرف حوا سے پیدا ہوا وہ بے گناہ کس طرح ہو گیا؟ میں نے کہا آپ گرم اور ٹھنڈے پانی کی مثال کو مدنظر رکھتے ہوئے یوں سمجھ لیں کہ آدم کی مثال ٹھنڈے پانی کی سی تھی اور حوا کی مثال گرم پانی کی سی تھی۔ان دونوں کے ملنے سے جو اولاد پیدا ہوتی وہ لازماً اتنی گنہگار نہیں ہو سکتی جتنی وہ اولاد گنہگار ہو سکتی ہے جو صرف حوا سے پیدا ہوئی ہے پس مسیح جو حوا سے پیدا ہوا وہ دوسرے