تفسیر کبیر (جلد ۶) — Page 34
بعض ظاہرہوتے ہیں بعض مخفی۔اور بعض بلا واسطہ ہوتے ہیں اوربعض بالواسطہ۔بالواسطہ سے میری مراد اُن تاثیرات سے ہے جو نباتا ت یا حیوانات پروارد ہوتی ہیں۔اورپھر ان حیوانات اور نباتات کو انسان استعمال کرتاہے۔سورج اور چاند کی روشنی کی تاثیر سورج اورچاند کی موٹی تاثیرات سے مراد و ہ تاثیرات ہیں جوصحت پر پڑتی ہیں۔دن کی روشنی کئی قسم کی بیماریوں کو دور کرتی ہے اورانسانی جسم میں صحت کاماد ہ بڑھاتی ہے۔چنانچہ جولوگ دن رات بند کمروں میں رہتے ہیں ان کی صحت خراب ہوجاتی ہے۔(The Vitamins by H۔C Sherman and S۔L Smith 2nd edition 1931۔p۔296,298) اسی طرح رات کی تاریکی اعصاب پر تسکین دہ اثر ڈا لتی ہے۔اسی وجہ سے رات کی نیند بہت آرام دہ ہوتی ہے بہ نسبت دن کی نیند کے۔خصوصاً دوپہر کی نیند کے کہ اس سے نہ صرف یہ کہ آرام کم ملتا ہے بلکہ بعض دفعہ اس سے نزلہ وغیرہ کی قسم کی بیماریاں بھی پیداہوتی ہیں۔غرض دن کام کے لحاظ سے زیاد ہ بہتر ہے اوررات آرام کے لحاظ سے پھر بعض قسم کی سبزیوں پر دن کی روشنی کی مبارک تاثیر پڑتی ہے اوربعض پر رات کی روشنی کی جوچاند اورستاروں سے آتی ہے۔چنانچہ ککڑی رات کواس سرعت سے بڑھتی ہے کہ دیکھ کر حیر ت آتی ہے۔بعض دفعہ کھیت کے پاس بیٹھو تویوں آواز پیداہوتی ہے گویا کہ ککڑی پتوں میں پھیل رہی ہے۔اسی طرح بعض پھول چاندنی راتوں میں کھلتے ہیں بعض اندھیر ی راتوں میں۔اوریہ سب امور اس امر کی شہادت ہیں کہ رات اوردن اوراجرام فلکی کی تاثیرات اہل دنیاکے نشوونما پر خاص اثر ڈال رہے ہیں۔اوران کاوجود صرف آنکھو ں کے لئے روشنی مہیا کرنا نہیں۔یااعصاب کے آرام کے لئے تاریکی دینا ہی نہیں۔بلکہ ان کے علاوہ بھی ان کی وسیع تاثیرات ہیں۔جن لوگوں کو چاند کی روشنی میں سیر کرنے کاموقع ملا ہے۔انہوں نے اس کا مشاہدہ کیا ہوگا کہ اس وقت خیالات میں ایک عجیب قسم کا ہیجان پیداہوجاتا ہے اورقوتِ فکریہ میں ایک تلاطم پیداہوجاتا ہے۔اسی طرح رات اوردن اورسور ج اور چاند اور ستاروں کاتعلق راستہ دکھانے سے بھی ہے۔دن کوسورج کی روشنی اگر سب فضاکو روشن کرکے راستہ دکھانے میں ممدہوتی ہے اورجہات اربعہ یعنی مشرق مغرب شمال جنوب کوبتا کر اگر راہگیروں کی راہنمائی کرتی ہے۔تورات کو چاند اپنی روشنی سے سورج کاساکام کرتا ہے اورستارے اپنے مقامات سے ہدایت کاموجب ہوتے ہیں۔چنانچہ سمندروں میں جہازوں کے چلنے میں ستاروں کے مقامات خاص طورپر مد د کرتے ہیں۔حیوانی اور نباتاتی غذا کے بعد مخفی غذا کی طرف اشارہ خلاصہ یہ کہ رات اوردن اورسورج چاند اورستارے انسانی دماغ کو نشوونمادینے میں اوراس کے کاموں میں سہولت پیداکرنے میں خاص اہمیت رکھتے ہیں۔