تفسیر کبیر (جلد ۶)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 255 of 720

تفسیر کبیر (جلد ۶) — Page 255

توانہیں اس حالت میں چھوڑ جائے کہ وہ لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلاتے پھریں (بخاری کتاب النفقات باب فضل النفقۃ علی الاھل)۔محسن کے یہ معنے بھی ہیں کہ وہ ایسے کام کرنے والاہو ،جن سے دنیا میں حسن پیداہو۔جس نے اپناگھر ہی اجاڑ لیا۔اس نے حسن کیا پیداکرنا ہے۔پس محسن وہ ہے جواپناگھر محفوظ رکھتا ہے۔اورپھر دنیا کی خبر گیری کرتاہے۔مگراس کے یہ معنے بھی نہیں کہ خود توعیاشیوں میں پڑا رہے لیکن جب خرچ کرنے کاموقعہ آئے توکہے کہ میرے پاس کچھ نہیں۔اسی طرح محسن وہ ہے جس کے فعل کانتیجہ اچھا نکلے۔پس جس کے اتفاق سے بدنتیجہ نکلے خواہ اخلاقی یاتمدنی وہ محسن نہیں ہے۔اس آیت میں یہود و نصاریٰ سے جنگ کانتیجہ بھی بتادیا ہے۔اوروہ یہ کہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں کاساتھ دے گا۔اورظاہر ہے۔کہ جس کے ساتھ خداہو ،اس پر کون فتح پاسکتاہے۔