تفسیر کبیر (جلد ۶) — Page 204
اس کے مطابق ہی دیاگیاہے۔اعجمی کے معنی غیر عرب کے اب یہ سوال رہ جاتاہے کہ مذکورہ سوال کا جواب جو قرآن کریم نے دیاہے اس کا کیا مطلب ہے ؟تواس کامطلب سمجھنے سے پہلے اَعْجَمِیٌّ کے معنے سمجھ لینے ضروری ہیں۔عربی زبان میں عرب اورعجم دولفظ عربوںاورغیر عربوں کے لئے مستعمل ہوتے ہیں۔اوراسی مادہ سے اَعْجَمٌ کالفظ ہے جوغیر عر ب کے لئے بولاجاتاہے۔چنانچہ تاج العروس جلد۸میں ہے۔عرب کہتے ہیں رَجُلٌ اَعجمُ وَقَوْمٌ اَعْجَمُ۔وہ شخص اعجم ہے یا وہ قو م اعجم ہے۔مطلب یہ کہ وہ آدمی یاقوم غیر عر ب ہے۔عربوں میں سے نہیں ہے۔اعجمی کے معنے اس حد تک کے حوالہ سے یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ اعجم غیرعرب کے معنوں میں استعمال ہوتاہے۔لیکن اس کے سوااعجم کے معنے مَنْ لایُفْصِحُ کے بھی ہیں یعنی وہ شخص جو بات کھو ل کر نہ بیا ن کرسکے۔اسی طرح یہی معنے اعجمی کے بھی ہیں۔(تاج)اوران معنوں میں عرب کی نسبت بھی یہ لفظ بولاجاسکتاہے۔اسی طرح اعجم اس شخص کی نسبت بھی بولتے ہیں جس کی زبان میں لکنت ہو خواہ وہ فصیح الکلام ہی کیوں نہ ہو۔(تاج) اعجمی لفظ کا استعمال زبان کے لئے ان معانی کو بیان کرنے کے بعد اب میں اس طرف توجہ پھیرناچاہتاہوں کہ ا س جگہ اعجمی کالفظ انسان کی نسبت نہیں بولاگیا بلکہ زبان کی نسبت بولاگیا ہے۔یعنی یہ نہیں فرمایا کہ جس کی نسبت قرآن بنانے میں مدد دینے کاالزام لگایا گیا ہے وہ اعجمی ہے۔بلکہ یو ں فرمایا ہے کہ جس شخص کی نسبت یہ لوگ ایسا گمان کررہے ہیں اس کی زبان اعجمی ہے یعنی(۱)غیر عر ب لوگوں کی زبان ہے یا(۲)یہ کہ اس کی زبان ایسی ناقص ہے کہ وہ اپنامطلب بیان ہی نہیں کرسکتا۔اَعْجَمِیٌّ کے ایک معنے لکنت کے بھی ہیںوہ معنے بولی کی نسبت استعمال نہیں ہوسکتے۔کیونکہ لکنت چمڑے کی زبان میں ہوتی ہے۔الفاظ سے مرکب بولی میں لکنت نہیں ہواکرتی۔پس جب اعجمی کا لفظ زبان کی نسبت بولاجائے توا س کے دومعنے ہوتے ہیں۔غیر عرب زبان یعنی جسے اعجم لوگ بولتے ہیں۔یاپھر اس حد تک غیر فصیح زبان جو مطلب واضح نہ کرسکتی ہو خواہ اس کابولنے والاعرب ہی کیو ں نہ ہو۔اورخواہ وہ عربی میں ہی کیوں بات نہ کررہا ہو۔آیت کے دو معنی اعجمی زبان کے معنوں کی تعیین کرنے کے بعد اب میں یہ بتاتاہوں کہ ان دونوں معنوں کو مدنظررکھ کر اس آیت کے یہ دومعنے ہوتے ہیں۔(۱)یہ لوگ کہتے ہیں کہ محمد رسول اللہ کو قرآن کوئی دوسراشخص سکھاتاہے۔وہ شخص جس کی طرف یہ لوگ اس کام کو منسوب کرتے ہیں ا س کی زبان توغیر عربی ہے۔