تفسیر کبیر (جلد ۴) — Page 535
قرآن مجید ہر دینی ضرورت کوپورا کرتا ہے دوسری دلیل یہ دی کہ آپؐ پر نازل ہونے والی کتاب ہر دینی ضرورت کو پورا کرتی ہے جب سب کچھ اس میں بیان ہوچکا تو اب اور کسی کتاب نے آکر کرنا کیا ہے۔یہ ایسی دلیل ہے کہ آئندہ مدعیان شریعت کے دعووں کو بھی باطل کردیتی ہے۔بہاء اللہ کے دعوے کے رد میں ایک دلیل مثلاً بہاء اللہ کا دعویٰ ہے کہ وہ نئی شریعت لائے ہیں ان سے سوال کیاجاسکتا ہے کہ وہ کون سی شئے ہے جس کی ضرورت تھی اور قرآن میں نہیں۔اس دلیل کے سامنے نہ بہائی اور نہ کسی اور مدعی شریعت کے پیرو ٹھہر سکتے ہیں۔قرآن کریم ایک ایسی جامع کتاب ہے کہ اس کے مطالب سے اعلیٰ مطالب تو بڑی بات ہے اس کے بیان کردہ مسائل کی انواع تک بھی اور کوئی کتاب خواہ نئی ہو یا پرانی نہیں پہنچ سکتی۔ھُدًی کی تشریح پھر فرمایا کہ آپؐ کی لائی ہوئی کتاب ھُدًی بھی ہے یعنی صرف تفاصیل بتاکر انسان کو نہیں چھوڑ دیتی بلکہ اسے خدا تعالیٰ تک پہنچاتی بھی ہے اور عقلی مقام سے گذار کر مشاہدہ کے مقام پر لاکھڑا کرتی ہے اور آخری کام آپؐ کی لائی ہوئی کتاب کا یہ بتایا کہ اس کے متبع صرف منہ سے لاف و گزاف نہیں مارتے کہ ہم خدا رسیدہ ہو گئے ہیں بلکہ یہ ان کے لئے رحمت بھی ثابت ہوتی ہے۔یعنی انوار الٰہیہ ان پر نازل ہوتے ہیں اور خدا تعالیٰ کی نصرت اور تائید اس طرح ان کی زندگی کے ہر شعبہ میں نازل ہوتی ہے کہ دیکھنے والے دیکھ لیتے ہیں کہ خدا تعالیٰ کی رحمت کی چادر نے ان کو چھپا لیا ہے اور یہ اس کے مقرب ہو گئے ہیں۔