تفسیر کبیر (جلد ۴)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 101 of 637

تفسیر کبیر (جلد ۴) — Page 101

تسلیم نہ کرے کس طرح جائز ہے۔کہ اس کو خدا تعالیٰ زبردستی ہدایت دے دے؟نہ وہ زبردستی ہدایت دیتا ہے نہ زبردستی گمراہ کرتا ہے۔ہاں اپنے دل کی حالت انسان بدل لے تو خدا تعالیٰ کا معاملہ بھی اس کے ساتھ فوراً بدل جائے گا۔قرآن کریم کیسا محبت بھرا کلام ہے !بات بات کے لئے اول تو دلائل دیتا ہے پھر ساتھ اس کے محبت بھرے جذبات کے ساتھ اپنی حالت کو بدلنے کی طرف توجہ دلاتا ہے۔قُلْ هَلْ مِنْ شُرَكَآىِٕكُمْ مَّنْ يَّبْدَؤُا الْخَلْقَ ثُمَّ يُعِيْدُهٗ١ؕ تو (انہیں) کہہ (کہ )کیا تمہارے (قرار دادہ) شریکوں میں سے کوئی( بھی ایسا) ہے جو پہلی بار پیدا کر تا ہو( اور) قُلِ اللّٰهُ يَبْدَؤُا الْخَلْقَ ثُمَّ يُعِيْدُهٗ فَاَنّٰى تُؤْفَكُوْنَ۰۰۳۵ پھر اس (پیدائش )کودہراتا ہو۔تو( انہیں) کہہ (کہ) اللہ( تعالیٰ ہی ہے جو) پہلی بار پیدا کرتا ہے۔(اور) پھر اس (پیدائش) کو دہراتا ہے۔پھر تمہیں کس طرف کوپھرایا جا رہا ہے۔تفسیر۔خالق وہی ہے جو معید بھی ہے اس آیت میں شرک کی تردید میں ایک بہت بڑی دلیل پیش کی گئی ہے۔جسے عام طور پر لوگوں نے سمجھا نہیں۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ خلق کا ثبوت اعادہ ہوتا ہے یعنی مخلوق کا دہرانا۔ورنہ ہر شخص دعویٰ کرسکتا ہے کہ میں خالق ہوں آج اگر کوئی شخص اٹھے اور کہے کہ میں نے دنیا پیدا کی ہے تو اس کا رد اس طرح ہوسکتا ہے کہ اس کو کہا جائے کہ پھر پیدا کرکے دکھاؤ۔غرض اعادہ ہی عمل پر قدرت رکھنے کا ثبوت ہوتا ہے۔پس فرماتا ہے کہ ہم صرف خلق کو پیش نہیں کرتے کہ کوئی کہہ دے کہ حضرت عیسیٰ ؑ نے یا اور کسی وجود نے بھی پیدا کیا ہے۔بلکہ ہم اعادہ کو پیش کرتے ہیں۔اعادہ میں دو باتیں ہوتی ہیں اول اس سے فوری طور پر امتحان ہوتا ہے۔دوم اعادہ ازلی قانون کو بھی بتاتا ہے۔مثلاً غلہ سے غلہ پیدا ہوتا چلا آرہا ہے۔آج اگر زید خدا بن بیٹھے اور خالق ہونے کا دعویٰ کرے تو اسے کہا جائے گا کہ غلہ تو اول سے پیدا ہورہا ہے اور تم اب پیدا ہوئے ہو۔غرض معبودانِ باطلہ محدود زمانہ سے چلے ہیں۔اور خدا تعالیٰ کے قوانین پہلے سے چل رہے ہیں۔اس لئے سوال ہوسکتا ہے کہ وہ کام جو ایک مقررہ قانون کے ماتحت ہمیشہ سے ہوتے چلے آئے ہیں تمہاری طرف کس طرح منسوب ہوسکتے ہیں؟ پس فرمایا کہ یہ خلق اور اعادہ کا سلسلہ کس نے بنایا ہے؟ اگر کہو کہ اللہ تعالیٰ نے تو بتاؤ کہ جب خدا تعالیٰ نے ازل سے پیدائش کے