تفسیر کبیر (جلد ۲)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 443 of 644

تفسیر کبیر (جلد ۲) — Page 443

ورنہ اگر یہ کوئی الگ عہدہ ہوتا تو آزمائشوں کے ذکر کے ساتھ اس کے بیان کرنے کے کوئی معنے نہ تھے۔حضرت ابراہیم علیہ السلام کی ابتلائوں میں شاندار کامیابی کے ذکر کے معًا بعد اِنِّيْ جَاعِلُكَ لِلنَّاسِ اِمَامًا کہنا بتاتا ہے کہ اس میں اسی امر کی طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ تیری زندگی کا یہ درخشاںواقعہ ہمیشہ کے لئے مشعل راہ کا کام دے گا اور قیامت تک آنے والے لوگوں کے لئے تو ایک نمونہ کے طور پر پیش کیا جائے گا۔قَالَ وَ مِنْ ذُرِّيَّتِيْ۔جب حضرت ابراہیم علیہ السلام کو آئندہ زمانہ کی یہ خبر دی گئی توانہیں خیال آیا کہ جب میں بعد میں آنے والوں کا امام بنایا جاؤںگا تو میری طرف منسوب ہونے والی ذرّیت کی ہدایت کا بھی سامان ہونا چاہیے۔چنانچہ انہوں نے کہا کہ الٰہی میری اولاد پر بھی تیری رحمت کا ہاتھ رہے۔فرمایا۔ٹھیک ہے مگر میرا عہد ظالموں کو نہیں پہنچے گا۔اِس سے یہ مراد نہیں کہ اُن کی ساری ذرّیت ظالم ہو جائے گی۔بلکہ مطلب یہ ہے کہ اولاد دو قسم کی ہو گی۔ایک ظالم اور ایک مطیع و فرمانبردار۔اللہ تعالیٰ نے ظالم اولاد کی نفی کی ہے اور مطیع اولاد میں سے امام بنانے کا وعدہ کیا ہے۔لَا يَنَالُ عَهْدِي الظّٰلِمِيْنَکے دو۲ طرح معنے ہو سکتے ہیں۔ایک یہ کہ عہدبمعنی معہود ہو یعنی جس چیز کا عہد کیا گیا ہے وہ ظالموں کو نہیں ملے گی۔دوسرے معنے یہ ہیں کہ میں ظالموں کے لئے کوئی عہد نہیں کرونگا۔صرف غیر ظالموں کیلئے کرونگا۔یعنی جو قوم بحیثیت قوم ظالم بن جائےگی اس میں سے سلسلہء نبوت منقطع ہو جائے گا۔اِس آیت سے ظاہر ہے کہ (۱)اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو امام بنانے کا وعدہ فرمایا (۲)حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اپنی اولاد کی نسبت بھی اس وعدہ میں توسیع کی درخواست کی تو اللہ تعالیٰ نے مشروط وعدہ فرمایا۔یعنی وعدہ کیا کہ تمہاری اولاد میں سے بعض اس عہد سے حصہ پائیں گے۔مگر حصّہ پانے والے وہی ہوںگے جو قومی ظلم کے ذریعہ سے اپنے آپ کو انعام سے محروم نہ کر چکے ہوں۔جب تک بنی اسرائیل اس وعدہ کے مستحق رہے اللہ تعالیٰ اپنے عہد کو پورا کرتا رہا۔مگر جب بنی اسرائیل کلّی طور پر اس عہد کے انعامات کے ناقابل ہو گئے تو وہ عہد بنی اسرائیل کی دوسری شاخ بنی اسماعیل کی طرف منتقل ہو گیا۔بائیبل میں بھی اس عہد کے مشروط ہونے کا ذکر آتا ہے۔چنانچہ پیدائش باب۱۷ آیت ۹ تا ۱۴ میں لکھا ہے : ’’پھر خدا نے ابراہام سے کہا۔کہُ تو اور تیرے بعد تیری نسل پشت در پشت میرے عہد کو نگاہ رکھیں۔اور میراعہد جو میرے اور تمہارے درمیان اور تیرے بعد تیری نسل کے درمیان ہے جسے تم یاد